حافظ سعید کا نام ای سی ایل میں بھی شامل


حافظ سعید کا نام ای سی ایل میں بھی شامل

وزارت داخلہ نے جماعت الدعوۃ کے امیر حافظ سعید سمیت جماعت الدعوۃ اور لشکر طیبہ سے تعلق رکھنے والے 38 افراد کے نام ای سی ایل لسٹ میں شامل کر دیے ہیں ۔

خبررساں ادارے تسنیم کے مطابق، وزارت داخلہ نے حافظ سعید سمیت 38 افراد کا نام ای سی ایل میں ڈالنے کے حوالے سے ایف آئی اے اور تمام صوبائی حکومتوں کو مراسلے جاری کر دیے۔

وزارت داخلہ نے حافظ سعید سمیت دیگر افراد کی سفری دستاویزات بھی معطل کردیں۔

واضح رہے کہ 30 جنوری کو پنجاب حکومت کی جانب سے جماعت الدعوۃ کے امیر حافظ سعید کو نظر بند کرنے کے احکامات جاری کیے گئے تھے جبکہ پنجاب میں جماعت الدعوۃ کے خلاف کریک ڈاؤن کا آغاز کرتے ہوئے لاہور کی سڑکوں پر لگے جماعت الدعوۃ کے بینرز اتار دیے گئے تھے۔

دوسری جانب ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق پاکستان دہشت گردوں کے خلاف بلا تفریق کاروائیاں کر رہا ہے، جنھیں عالمی سطح پر سراہا جا رہا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ جماعت الدعوۃ کے سربراہ حافظ سعید کی نظر بندی ریاست کا اپنا مسئلہ ہے، لہذا بھارت کو اس پر تبصرہ کرنے کے بجائے اپنے معاملات درست کرنے چاہئیں۔

یاد رہے کہ دفتر خارجہ کا یہ بیان ایک ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب حافظ سعید کی نظر بندی کے احکامات کے بعد بھارتی وزارت خارجہ کے ترجمان وکاس سوارپ کی جانب سے جاری بیان میں پاکستان سے 'ڈو مور' کا مطالبہ کرتے ہوئے دہشت گردوں کے خلاف مزید سخت اقدامات کرنے کا مطالبہ کیا گیا تھا۔

اہم ترین پاکستان خبریں
اہم ترین خبریں
خبرنگار افتخاری