ڈیوس کپ میں پاکستان کی ایران پر واضح برتری


ڈیوس کپ میں پاکستان کی ایران پر واضح برتری

پاکستان نے ڈیوس کپ ایشیا اوشیانا گروپ2 میں دو سنگلز اور ایک ڈبلز میچ میں کامیابی حاصل کر کے سیمی فائنل کیلئے کوالیفائی کرلیا ہے۔

خبر رساں ادارے تسنیم کے مطابق ڈیوس کپ کے ڈبلز مقابلے میں پاکستانی کھلاڑیوں اعصام الحق اور عقیل خان کا مقابلہ اپنے ایرانی حریفوں البورز اخوانی اور انوشہ شاہ غولی سے تھا۔

پاکستانی کھلاڑیوں نے شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے ایرانی ٹیم کو 1-6، 2-6 اور 2-6 سے شکست دی۔

پاکستان نے دو سنگلز اور ایک ڈبلز میچ میں کامیابی حاصل کرنے کے بعد ڈیوس کپ کے ایشین اوشیانا گروپ کے سیمی فائنل کیلئے کوالیفائی کرلیا۔

گزشتہ روز کھیلے گئے سنگل میچوں میں عقیل خان نے ایران کے شاہین خالدان کو اسٹریٹ سیٹس میں شکست دے کر پاکستان کو پہلی کامیابی دلائی، ان کی فتح کا اسکور 7-6، 6-4 اور 6-2 رہا۔

دوسرے میچ میں پاکستان کے سرفہرست کھلاڑی اعصام الحق نے آسان مقابلے کے بعد ایران کے انوشہ شاہ غولی کو اسٹریٹ سیٹس میں شکست دے دی، انہوں نے 6-1، 6-2 اور 6-2 سے فتح اپنے نام کی۔

ڈیوس کپ ایشیا اوشیانا گروپ2 کے آخری روز ایران نے پاکستان کو دو میچوں میں شکست دی۔

اسلام آباد میں کھیلے گئے ڈیوس کپ کے آخری روز ایران کے حامد رضا نداف نے پاکستان کے محمد عابدعلی خان کو 6-7، 6-4 اور6-3 سے شکست دیدی۔

دوسرے میچ میں شاہین خالدان نے محمد عابد کو 7-6 اور6-3 سے شکست دیدی۔

لاہور میں 2009 میں سری لنکا کی کرکٹ ٹیم پر ہونے والے حملے کے بعد ملک میں کھیل کے بین الاقوامی مقابلے مفقود ہوگئے تھے اور اب ڈیوس کپ کی صورت میں ایک کامیاب ٹورنامنٹ منعقد ہوا ہے۔

پاکستان میں 12 سال کے طویل عرصے بعد منعقدہ انٹرنیشنل ٹینس ٹورنامنٹ کے پہلے دونوں سنگلز اور ڈبلز مقابلوں کو میزبان ٹیم پہلے ہی اپنے نام کرچکی ہے۔

واضح رہے کہ پاکستان نے 2004 میں آخری مرتبہ نیوزی لینڈ کے خلاف اسلام آباد میں ڈیوس کپ کی میزبانی کی تھی۔

 

اہم ترین ایران خبریں
اہم ترین خبریں
خبرنگار افتخاری