پاکستان اور بحرین کے تعلقات دوستی کے مضبوط رشتے کے تسلسل کا منہ بولتا ثبوت ہیں


پاکستان اور بحرین کے تعلقات دوستی کے مضبوط رشتے کے تسلسل کا منہ بولتا ثبوت ہیں

سرتاج عزیز اور بحرین کے وزیر خارجہ کی اسلام آباد میں ملاقات کے دوران دو طرفہ تعلقات اور معاشی تعاون کے فروغ پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

خبر رساں ادارے تسنیم کے مطابق، بحرین کے وزیرخارجہ شیخ خالد بن احمد محمد الخلیفہ سے اسلام آباد میں ملاقات کے دوران مشیرخارجہ سرتاج عزیز نے کہا ہے کہ پاکستان کی موجودہ سرمایہ کاری پالیسی سے سرمایہ کاروں کیلئے سازگار ماحول پیدا ہوا ہے جس میں مقامی اور غیر ملکی سرمایہ کاروں کو یکساں مواقع کی ضمانت دی گئی ہے۔
 
ملاقات میں دونوں رہنماؤں نے نہ صرف مشترکہ اقتصادی کمیٹی کو ترقی دیکر مشترکہ وزارتی کمیشن کا درجہ دینے کا خیرمقدم کیا بلکہ دوطرفہ اقتصادی تعاون کو فرو غ دینے کے امکانات پر بھی تبادلہ خیال کیا۔

اس موقع پر سرتاج عزیز نے کہا کہ پاکستان اور بحرین کے درمیان معاشی اور تجارتی شعبے میں تعاون مضبوط سیاسی تعلقات پر مبنی ہے۔

انہوں نے بحرین کے تاجروں کو پاکستان میں مختلف شعبوں خصوصاً توانائی، بنیادی ڈھانچے اور زراعت میں سرمایہ کاری کرنے کی پیشکش کی۔

انہوں نے واضح کیا کہ پاکستان میں استحکام سے خطے میں امن، خوشحالی اورمعاشی ترقی کو فروغ حاصل ہوگا۔

دوسری جانب شیخ خالد بن احمد محمد الخلیفہ نے اس بات کا اعادہ کیا کہ پاکستان اوربحرین کے تعلقات دوستی کے مضبوط رشتے کے تسلسل کامنہ بولتا ثبوت ہیں۔

بحرینی وزیر خارجہ نے پاکستان پہنچنے پر نہایت خوشی کا اظہار کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ بحرین دہشت گردی کے خلاف جنگ میں پاکستان کے کردار، قربانیوں اور کامیابیوں کو سراہتا ہے۔

اس موقع پر انہوں نے بحرین کے سلطان حماد بن عیسیٰ الخلیفہ کی طرف سے نیک خواہشات کا پیغام بھی دیا۔

واضح رہے کہ بحرین نے گلف کوآپریشن کونسل (جی سی سی) کی حال ہی میں صدارت سنبھالی ہے۔ اس تناظر میں شیخ خالد کا دورہ پاکستان بہت زیادہ اہمیت کا حامل ہے۔

اہم ترین پاکستان خبریں
اہم ترین خبریں
خبرنگار افتخاری