"ایسے نہیں چلے گا"، اب نہیں چلے گا


"ایسے نہیں چلے گا"، اب نہیں چلے گا

سپریم کورٹ نے بول ٹی وی پر نشر ہونے والے ڈاکٹر عامر لیاقت کے پروگرام "ایسا نہیں چلے گا" کو تاحکم ثانی روکنے کا حکم دے دیا ہے۔

خبر رساں ادارے تسنیم کے مطابق جسٹس امیر ہانی مسلم کہتے ہیں ۔۔ آئندہ حکم تک پروگرام نشر ہونے کی صورت میں اینکر عامر لیاقت و دیگر معاونین کے خلاف توہین عدالت کارروائی ہوگی۔

سپریم کورٹ میں بول ٹی وی کے لائسنس منسوخی کے حوالے سے اپیل کی سماعت جسٹس امیر ہانی مسلم کی سربراہی میں تین رکنی بینچ نے کی۔

سپریم کورٹ نے بول ٹی وی پر نفرت انگیز مواد پر مبنی پروگرامز فوری روکنے کا حکم دیتے ہوئے ڈائریکٹر آپریشنز سے ایسے پروگرام فوری بند کرنے کی تحریری یقین دہانی طلب کرلی۔

عدالت کے باہر میڈیا سے گفتگو میں چئیرمین پیمرا نے کہا کہ عدالتی حکم کے تحت پروگرام پر پابندی نیشنل ایکشن پلان کی فتح ہے۔

عدالت کا کہنا تھا کہ آدھے گھنٹے میں تحریری یقین دہانی فراہم کریں ورنہ مستقل پابندی کا حکم دیں گے، عدالت نے بول کی اپیل میں پاکستان براڈکاسٹر ایسوسی ایشن کی فریق بننے کی درخواست مسترد کی جسٹس امیر ہانی مسلم نے ریمارکس دیے کہ ایک اپیل آئی، اس میں 36 متفرق درخواستیں نہیں لے سکتے، پی بی اے کو کوئی شکایت ہے تو مناسب فورم سے رجوع اور الگ اپیل دائر کریں، وقفے کے بعد سپریم کورٹ نے بول کے پروگرام "ایسا نہیں چلے گا" کو تا حکم ثانی روکنے کا حکم دیا۔

عدالت کا کہنا تھا کہ ہم نے آپ کو خود پروگرام روکنے کے کئی آپشن دیے جس کا آپ ناجائز فائدہ اٹھا رہے ہیں، آپ کہتے ہیں نفرت انگیز مواد نشر نہیں ہو رہا ہے مگر پیمرا کا موقف اسکے برعکس ہے، نفرت انگیز مواد کے تعین تک پروگرام روکا جاتا ہے۔

جسٹس امیر ہانی مسلم نے کہا کہ آج سے آئندہ حکم تک پروگرام نشر ہونے کی صورت میں اینکر عامر لیاقت و دیگر معاونین کے خلاف توہین عدالت کاروائی ہوگی۔

عدالت نے کیس کی سماعت 8 فروری تک ملتوی کردی۔

اہم ترین پاکستان خبریں
اہم ترین خبریں
خبرنگار افتخاری