پاکستان پر سفری پابندی لگانے کا کوئی ارادہ نہیں، ٹرمپ


پاکستان پر سفری پابندی لگانے کا کوئی ارادہ نہیں، ٹرمپ

ٹرمپ انتظامیہ کے مطابق پاکستانی شہریوں پر سفری پابندی عائد کرنے کا کوئی ارادہ نہیں کیونکہ پاکستان کی جانب سے مسافروں کی جانچ کے لیے درکار مطلوبہ معلومات فراہم کی جارہی ہیں۔

خبر رساں ادارے تسنیم کے مطابق، مختلف میڈیا اداروں کو دی جانے والی حالیہ بریفنگ میں وائٹ ہاؤس حکام کا کہنا تھا کہ انتظامیہ ان 7 مسلم ممالک کی فہرست میں مزید کسی اضافے کا ارادہ نہیں رکھتی جن کے شہریوں پر امریکہ میں داخلے اور ہجرت پر پابندی عائد کی گئی ہے۔

ترجمان وائٹ ہاؤس سین اسپائسر نے واضح کیا کہ افغانستان، پاکستان اور لبنان اُن ممالک میں سے ہیں جو مسافروں کی جانچ کے لیے درکار معلومات فراہم کررہے ہیں، تاہم ساتھ ہی انہوں نے خبردار بھی کیا کہ اگر ان ممالک کی جانب سے تعاون میں فراہمی میں تبدیلی سامنے آتی ہے تو انھیں بھی بلیک لسٹ ممالک کی فہرست کا حصہ بنایا جاسکتا ہے۔

دوسری جانب امریکی ہوم لینڈ سیکورٹی ڈپارٹمنٹ نے دو ٹوک الفاظ میں دیگر 40 مسلم ممالک کو اس فہرست میں شامل نہ کرنے کی وضاحت کی ہے۔

ہوم لینڈ سیکورٹی کی جانب سے جاری کیے گئے واضح بیان میں کہا گیا ہے کہ 'یہ 7 ممالک ہی وہ ممالک ہیں جن پر پابندی کا اطلاق ہوتا ہے، کسی اور ملک کو اس برتاؤ کا سامنا نہیں کرنا پڑے گا اور نہ ہی مستقبل میں دیگر ممالک کو اس کا حصہ بنانے سے متعلق سوچا گیا ہے'۔

وائٹ ہاؤس کے ایک اور ترجمان نے برطانوی نشریاتی ادارے کو بتایا کہ دیگر ممالک کے مسافروں پر پابندی کی اطلاعات محض افواہیں ہیں، میرے علم میں ایسی کوئی بات نہیں۔

اہم ترین پاکستان خبریں
اہم ترین خبریں
خبرنگار افتخاری