پاکستان دنیا میں آم پیدا کرنے والا پانچواں بڑا ملک


پاکستان دنیا میں آم پیدا کرنے والا پانچواں بڑا ملک

پاکستان دنیا میں آم پیدا کرنے والا پانچواں بڑا ملک ہے جس کی پیداوار 18 لاکھ 89 ہزار میٹرک ٹن ہے۔

خبر رساں ادارے تسنیم کے مطابق دنیا میں سب سے زیادہ طلب پاکستانی آم کی ہے اس کی وجہ اس کی شلف لائف زیادہ اور ذائقہ سب سے جداہے اور پاکستان میں پیدا ہونے والے آم میں نمبرون بہترین کوالٹی کا آم ضلع رحیم یار خان کی دھرتی سے نکلتاہے۔

ان خیالات کا اظہار چیف ایگزیکٹیو آفیسر وسیلہ پیسٹی سائیڈز حافظ نصیرالدین آصف نے وسیلہ پیسٹی سائیڈز رحیم یار خان کے زیراہتمام آم کی پیداوار بڑھانے اور اس کی فصل کو بیماریوں سے محفوظ رکھنے کیلئے باغبانوں کیلئے ایک روزہ تربیتی ورکشاپ میں کیا جس میں ضلع بھر سے آم کے باغبانوں نے بڑی تعدادمیں شرکت کی۔

حافظ نصیرالدین آصف نے کہا کہ آم کی فصل پر بیماریوں پر قابو پانے کیلئے بے جا اخراجات کرنے کی ضرورت نہیں اس کیلئے زرعی ماہرین سے مشورہ کرکے انتہائی مناسب قیمت پر دستیاب زرعی ادویات کو استعمال کرنے کی ضرورت ہے۔

انہوں نے کہا اس وقت پاکستان میں 4.1ٹن فی ایکٹر آم کی پیداوار ہورہی ہے جسے محنت کرکے 7 ٹن فی ایکٹر تک بڑھایا جاسکتاہے۔

انہوں نے کہا کہ دنیا میں سب کے قیمتی فروٹ ہونے کا اعزاز پاکستانی آم کوحاصل ہے۔ اگرپاکستان آئندہ 10سالوں میں اپنی پیداوار کو دگنا کرتے ہوئے اس کی ایکسپورٹ کو بھی بڑھائے تو ہمارے زرمبادلہ کے ذخائر جو آج 20ارب ڈالر کے لگ بھگ ہیں وہ 50ارب ڈالر ہوجائیں گے۔

حافظ نصیرالدین آصف نے کہا کہ بلاشبہ ضلع رحیم یار خان کے آم کے باغبان مبارک باد کے مستحق ہیں جنہوں نے شب وروز محنت کرکے آم کی بہترین پیداوار میں گزشتہ 15سالوں سے ملک بھرمیں پہلی پوزیشن حاصل کی ہوئی ہے یہی وجہ ہے کہ ملک میں آم کی مجموعی پیداوار کا 27%حصہ رحیم یار خان کاہے۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان میں آم کی 149 اقسام زیرکاشت ہیں جن میں 49قلمی اور100دیسی اقسام ہیں۔ سندھ کا نمبرون آم سندھڑی اور پنجاب کا چونسہ دنیا بھرمیں اپنا ثانی نہیں رکھتا۔

اہم ترین پاکستان خبریں
اہم ترین خبریں
خبرنگار افتخاری