امریکی وزیر دفاع اور پاک آرمی چیف کا رابطہ / دہشتگردی کے خلاف جنگ میں پاکستان کے کردار کو سراہا


امریکی وزیر دفاع اور پاک آرمی چیف کا رابطہ / دہشتگردی کے خلاف جنگ میں پاکستان کے کردار کو سراہا

امریکہ کے وزیر دفاع جیمز میٹس اور آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ کے درمیان گزشتہ روز ٹیلیفون پر رابطہ میں جیمز میٹس نے دہشت گردی کے خلاف جنگ میں پاکستان کے عوام اور افواج کے عزم اور قربانیوں کی تعریف کی۔

خبرساں ادارے تسنیم کے مطابق، امریکی وزیر دفاع اور پاک آرمی چیف 20 منٹ تک طویل گفتگو ہوئی۔

آئی ایس پی آر کے مطابق جنرل باجوہ نے جیمز میٹس کو وزیر دفاع کا منصب سنبھالنے پر مبارکباد دیتے ہوئے امید ظاہر کی کہ انکے قابل قدر تجربہ کی وجہ سے خطہ کو فائدہ پہنچے گا۔

جبکہ جیمز میٹس نے دہشت گردی کے خلاف جنگ میں پاکستان کے عوام اور افواج کے عزم اور قربانیوں کی تعریف کی اور کہا کہ پاک فوج نے دہشت گردی کی لعنت سے نجات کیلئے جدوجہد میں اہم کردار ادا کیا ہے۔

دونوں قائدین نے خطہ میں امن و سلامتی کے مشترکہ ہدف کے حصول کے عزم اور اس ضمن میں درکار اقدامات پر غور کیا۔

علاوہ ازیں اس امر پر بھی اتفاق کیا گیا کہ مختلف سطحوں پر روابط جاری رکھیں گے۔

دوسری جانب، امریکی وزیر دفاع جیمز میٹس اور بھارتی ہم منصب منوہر پاریکر کے درمیان بھی ٹیلی فونک رابطہ ہوا جس میں اہم دفاعی معاملات پر تعاون برقرار رکھنے کے عزم کا اظہار کیا گیا۔

میڈیا رپورٹ کے مطابق دونوں رہنمائوں نے دوطرفہ تعلقات کو فروغ دینے سمیت دفاعی ٹیکنالوجی اور تجارت پر بھی بات چیت کی جبکہ اہم دفاعی معاملات پر تعاون کو برقرار رکھنے کے عزم کا بھی اعادہ کیا۔

واضح رہے کہ یہ امریکی وزیر دفاع کا عہدہ سنبھالنے کے بعد بھارتی ہم منصب سے یہ پہلا ٹیلیفونک رابطہ تھا۔

اہم ترین پاکستان خبریں
اہم ترین خبریں
خبرنگار افتخاری