پاکستان پر مسلم ہمسایہ ملک سے پھر حملہ


پاکستان پر مسلم ہمسایہ ملک سے پھر حملہ

ہمسایہ برادر ملک افغانستان سے چند نامعلوم افراد نے مہمند ایجنسی میں پاکستان کی سرحدی پوسٹ پر حملہ کر دیا تاہم کسی جانی نقصان کی اطلاع موصول نہیں ہوئی ہے۔

خبر رساں ادارے تسنیم کے مطابق، آئی ایس پی آر نے اطلاع دی ہے کہ افغانستان سے دہشت گردوں نے مہمند ایجنسی میں پاکستان کی سرحدی پوسٹ پر حملہ کر دیا۔

اطلاعات کے مطابق پاک فوج کے چوکس جوانوں نے دہشت گردوں کے حملے کا مؤثر جواب دیا ہے۔

فوج کی جوابی کارروائی کے بعد حلمہ آور واپس افغانستان بھاگ گئے۔

واضح رہے کہ افغان سرحد سے پاکستان پر یہ پہلا حملہ نہیں ہے۔ فقط چند ماہ قبل بھارتی وزیراعظم  نریندر مودی کے متنازع بیان کے خلاف بلوچستان میں عوام نے ایک احتجاجی ریلی نکالی تھی اور  بھارت کے خلاف احتجاج کرتے ہوئے پاک افغان سرحد تک جا پہنچےتھے۔

دوسری جانب افغان شہری بھی ملک کی 97 سالہ یوم آزادی کے موقع پر ایک ریلی کی صورت میں سرحد پر باب دوستی کے سامنے اکھٹے ہو گئےتھے۔

جانے یہ پاکستانیوں کے بھارت خلاف نعروں کا ردعمل تھا یا کیا، لیکن افغانیوں کی جشن آزادی کی ریلی، اچانک پاکستان کے خلاف احتجاجی ریلی میں تبدیل ہوگئی۔

افغان مظاہرین  نے سنگ باری  کرکے نہ صرف باب پاکستان کے شیشے توڑ دئے بلکہ  دروازہ توڑنے کی بھی بھرپور کوشش کی۔

صرف اسی پر اکتفا  نہ کرتے ہوئے افغانی مظاہرین نے پاکستانی پرچم بھی نذر آتش کر دیا تھا۔

بات صرف پاک بھارت سرحد کی ہوتی تو اور بات تھی، دکھ اس بات کا ہے کہ پاک افغان سرحد سے بھی، مسلم برادر ہمسایہ ملک کی جانب سے بھی پاکستان کا سبز ہلالی پرچم جلایا جاتا ہے، پاکستانیوں پر فائرنگ ہوتی ہے، گولہ بارود برسایا جاتا ہے۔

ایک غیرت مند قوم کے لئے اس سے بڑھ کے اشتعال انگیز بات اور کیا ہو سکتی ہے کہ اس کے بیٹوں کے سامنے اسی کے پرچم کو نذر آتش کر دیا جائے۔

واضح رہے کہ اگر اس لمحے سرحد پر پاکستانی سیکورٹی اہلکار بھی جوابی کارروائی کر دیتے تو افغانستان کا بہت سا جانی نقصان ہو جاتا لیکن پاکستان نے تاریخی صبر و تحمل کا مظاہرہ کیا، یہ پاکستان کا ظرف تھا۔

جبکہ دوسری جانب اس افسوسناک سانحے میں ملوث پاکستان کے مجرموں کو سزا تو کیا ملنی تھی، افغانستان نے جھوٹے منہ پاکستان سے معذرت بھی نہ کی۔

مودی کے خلاف نعرے بازی سے افغانی مظاہرین مشتعل کیوں ہوئے؟ پاکستان کی شان، اس کا قومی پرچم کیوں جلایا گیا؟ افغان حکومت نے اس سانحے میں ملوث مجرموں کو کیوں نہ پکڑا؟ افغان سیکورٹی اہلکاروں نے ان مظاہرین کے خلاف کوئی ایکشن کیوں نہ لیا؟ سرحد پر افغان سیکورٹی فورسز کے ہوتے ہوئے بار بار پاکستان پر افغانی سرحد سے حملے کیوں ہوتے ہیں؟ یہ حملہ آور پاکستان کے خلاف کارروائی کر کے اچانک کہاں غائب ہو جاتے ہیں؟ افغان حکومت ان کو گرفتار کیوں نہیں کرتی؟؟

یہ تمام سلگتے سوالات ایک عرصے سے افغانستان کی سنگلاخ چٹانوں سے سر ٹکرا رہے ہیں۔

اہم ترین پاکستان خبریں
اہم ترین خبریں
خبرنگار افتخاری