پاکستانی اعلیٰ سیاسی قیادت کی ایران کے قومی دن کی تقاریب میں شرکت


پاکستانی اعلیٰ سیاسی قیادت کی ایران کے قومی دن کی تقاریب میں شرکت

وزیر اعلی شہباز شریف اور وزیر تجارت خرم دستگیر نے ایران کے قومی دن کی تقاریب میں شرکت کی۔

خبر رساں ادارے تسنیم کے مطابق، وزیر اعلیٰ شہباز شریف نے ایران کے قونصلیٹ کی جانب سے انقلاب اسلامی کی 38ویں سالگرہ کے حوالے سے تقریب میں مہمان خصوصی کی حیثیت سے شرکت کی۔

اس موقع پر شہباز شریف اور ایرانی قونصل جنرل محمد حسین بنی اسدی نے انقلاب اسلامی ایران کی سالگرہ کا ملکر کیک کاٹا۔

وزیراعلیٰ نے کہا کہ انقلاب ایران سے ایسا نظام کھڑا کیا گیا جس کی حدت، جدت اور جرات پوری دنیا کیلئے ایک مثال بن چکی ہے۔

انہوں نے کہا کہ ایران پاکستان گیس پائپ لائن اور بجلی کی فراہمی کے منصوبوں پر تیزی سے کام جاری ہے۔

سی پیک میں ایران کی شمولیت کے حوالے سے ان کا کہنا تھا کہ سی پیک چین پاکستان اور ایران کے درمیان ایک موثر تعلق کی بنیاد بن سکتا ہے۔

ایران کی شمولیت سے سی پیک کو تقویت ملے گی اور خطے میں خوشحالی آئیگی۔

چین، پاکستان اور ایران مل کر سی پیک کے حوالے سے خطے میں ترقی و خوشحالی کی نئی تاریخ لکھ سکتے ہیں۔

ایرانی قونصل جنرل محمد حسین بنی اسدی نے وزیر اعلیٰ شہباز شریف کی آمد کا بہت شکریہ ادا کیا اور پاکستان کے لئے ایران کی جانب سے محبت اور اخلاص بھرے جذبات کا اظہار کیا۔

دوسری جانب وزیر تجارت خرم دستگیر نے اسلام آباد میں ایران کے قومی دن کے سلسلے میں ہونے والی ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان اور ایران کے درمیان دوطرفہ تجارت میں اضافہ ہورہا ہے۔

انہوں نے کہا کہ سٹیٹ بنک اور ایران کے سنٹرل بنک نے دونوں ملکوں کے درمیان تجارت کو مستحکم کرنے کے لئے ایک معاہدے پر دستخط کئے ہیں۔

انہوں نے واضح کیا کہ پاکستان اور ایران کے درمیان تاریخی اور ثقافتی تعلقات قائم ہیں اور یہ تعلقات باہمی تجارتی شراکت داری میں تبدیل ہورہے ہیں۔

اس موقعے پر خطاب کرتے ہوئے پاکستان میں ایران کے سفیر مہدی ہنر دوست نے کہا کہ پاکستان اور ایران کے درمیان مختلف شعبوں میں تعلقات مضبوط ہورہے ہیں۔

اہم ترین ایران خبریں
اہم ترین خبریں
خبرنگار افتخاری