اسلامی انقلاب کی سالگرہ کی مبارکباد اور اقتصادی تعاون تنظیم کے اجلاس میں شرکت کی دعوت


اسلامی انقلاب کی سالگرہ کی مبارکباد اور اقتصادی تعاون تنظیم کے اجلاس میں شرکت کی دعوت

وزیراعظم پاکستان میاں محمد نوازشریف نے ایران کے صدر حسن روحانی سے ٹیلیفونک رابطہ کر کے انہیں انقلاب اسلامی کی 38ویں سالگرہ پر مبارکباد دینے کے ساتھ ساتھ یکم مارچ کو اسلام آباد میں ہونیوالے اقتصادی تعاون تنظیم کے اجلاس میں شرکت کی دعوت بھی دی۔

خبر رساں ادارے تسنیم کے مطابق، وزیراعظم نواز شریف نے ایران کے صدر حسن روحانی کو ٹیلی فون کیا اور اسلامی انقلاب کی 38ویں سالگرہ کی مبارکباد دی۔

گفتگو کے دوران وزیراعظم نواز شریف نے صدر حسن روحانی کو یکم مارچ کو اسلام آباد میں ہونیوالے اقتصادی تعاون تنظیم کے اجلاس میں شرکت کی دعوت بھی دی۔

وزیراعظم نواز شریف نے کہا کہ ہم اسلام آباد میں ای سی او سربراہی کانفرنس میں آپ کی شرکت کے منتظر ہیں۔

وزیراعظم نے کہا پاک ایران تعلقات مضبوط بنیادوں پر قائم ہیں ہم انھیں مزید فروغ دینے کا عزم رکھتے ہیں۔

ایران کے صدر نے یقین دلایا کہ ان کا ملک کانفرنس میں بھرپور طریقے اور مثبت انداز میں شرکت کرے گا۔

انہوں نے امید ظاہر کی کہ ای سی او کا اسلام آباد میں سربراہی اجلاس خطے کے رکن ممالک کے درمیان معاشی تعاون کے فروغ اور دوطرفہ تعلقات کے استحکام میں بہت مددگار ثابت ہو گا۔

انہوں نے کہا کہ مجھے اس کانفرنس سے بہت سی امیدیں وابستہ ہیں۔

ایرانی صدر نے مزید کہا: پاکستان کے ساتھ مختلف سیاسی و اقتصادی اور ثقافتی شعبوں میں تعلقات کو مزید فروغ دینے کیلئے تیار ہیں۔

وزیراعظم نواز شریف نے کانفرنس میں شرکت کی یقین دہانی پر حسن روحانی کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ ایران کے ساتھ دوستی کا فروغ پاکستان کی خارجہ پالیسی کی ترجیحات میں سے ایک ہے۔

واضح رہے کہ امریکی صدر کی تازہ پالیسیوں کے تناظر میں خطے کے 2 اہم ترین مسلم ممالک کے راہنماؤں کی ملاقات کو ایک خاص اہمیت حاصل ہے۔

اہم ترین ایران خبریں
اہم ترین خبریں
خبرنگار افتخاری