بلائنڈ ٹی 20 ورلڈ کپ میں بھارت نے ناقابل شکست پاکستان کو ہرا کر فائنل جیت لیا


بلائنڈ ٹی 20 ورلڈ کپ میں بھارت نے ناقابل شکست پاکستان کو ہرا کر فائنل جیت لیا

بلائنڈ ٹی 20 ورلڈ کپ کے فائنل میں بھارت نے اب تک ایونٹ میں ناقابل شکست رہنے والی پاکستانی ٹیم کو 9 وکٹوں سے ہرا کر ٹائیٹل اپنے نام کر لیا۔

خبر رساں ادارے تسنیم کے مطابق، بھارت نے اب تک ایونٹ میں ناقابل شکست رہنے والی پاکستانی ٹیم کو 9وکٹوں سے ہرا کر واضح برتری حاصل کی۔

پاکستان کے مجموعی طور پر 198 رنز کے ہدف کے تعاقب میں بھارت نے ایک وکٹ کے نقصان پر 17.4 اوورز میں  200 رنز بنا کر ٹائٹل اپنے نام کرلیا۔

بھارت کی طرف سے پرکاش جے رامیا سب سے زیادہ 99 رنز بناکر ناٹ آؤٹ رہے۔ وہ اپنی سینچری تو مکمل نہ کر سکے لیکن اپنی ٹیم کو ایونٹ کا اہم ترین میچ جتوانے میں کلیدی کردار ادا کر گئے۔

تفصیلات کے مطابق دوسرے بلائنڈ ٹی 20 ورلڈ کپ میں پاکستان نے ٹاس جیت کر بھارت کے خلاف فائنل میں بیٹنگ کرنے کا فیصلہ کیا تھا۔

پاکستان کی طرف سے محمد جمیل نے 24، بدر منیر نے 57، عامر اشفاق نے 20، نثار علی نے 9، محمد اکرم 2، ریاست خان 16، محمد ظفر16 اور اسرار حسن 5 رنز بنا کر آؤٹ ہوئےجبکہ مطیع اللہ 15 اور محمد اعجاز 5 رنز بنا کر ناٹ آؤٹ رہے۔

بھارت کی طرف سے باؤلنگ کراتے ہوئے جعفر اقبال نے 2، کیتن پاٹیل نے 2، سنیل اور اجے کمار نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔

یاد رہے کہ پاکستانی بلائنڈ ٹیم پورے ٹورنامنٹ میں شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے فائنل تک پورے ایونٹ میں ناقابل شکست رہی اور  لیگ میچز میں مسلسل 9 کامیابیاں حاصل کی تھیں۔

پاکستانی ٹیم نے آسٹریلیا، جنوبی افریقہ، سری لنکا، انگلینڈ، نیپال، ویسٹ انڈیز اور بھارت سمیت تمام بڑی ٹیموں کو شکست سے دوچار کیا تھا۔

تاہم آج پاکستانی ٹیم زیادہ اسکور نہ کر سکی جس کے سبب بھارتی ٹیم نے 198 کا ہدف صرف ایک وکٹ کے نقصان پر حاصل کر کے ورلڈ کپ جیت لیا۔

اہم ترین پاکستان خبریں
اہم ترین خبریں
خبرنگار افتخاری