ملکی و غیر ملکی رہنماؤں کی مذمت / وزیر اعلیٰ کا پنجاب میں 1 روزہ سوگ کا اعلان


ملکی و غیر ملکی رہنماؤں کی مذمت / وزیر اعلیٰ کا پنجاب میں 1 روزہ سوگ کا اعلان

لاہور کے علاقے چیئرنگ کراس مال روڈ پر خو دکش حملے پر مختلف ملکی و غیر ملکی رہنماؤں نے اظہار افسوس اور دہشتگردی کی شدید مذمت کی ہے جبکہ وزیر اعلیٰ پنجاب نے افسوسناک واقعے پر صوبے بھر میں 1 روزہ سوگ کا اعلان کر دیا ہے۔

خبر رساں ادارے تسنیم کے مطابق، لاہور کے علاقے چیئرنگ کراس مال روڈ پر خودکش حملے کے نتیجے میں ڈی آئی جی ٹریفک لاہور کیپٹن (ر) سید احمد مبین اور ایس ایس پی آپریشنز زاہد اکرام گوندل اور دیگر چھ جوانوں سمیت 13 افراد شہید اور سو سے زائد زخمی ہو گئے ہیں۔

افسوسناک واقعے پر جہاں پوری قوم غم میں ڈوبی ہوئی ہے وہیں مختلف ملکی و غیر ملکی رہنماؤں نے بھی پاکستان سے افسوس اور یکجہتی کا اظہار کیا ہے۔

 ترک صدر طیب اردگان نے پنجاب کے دارالحکومت لاہور میں پیر کی شام بم دھماکہ پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔

ترک صدر نے صوبائی دارالحکومت میں دہشت گردی کے اس واقعہ کے خلاف پاکستان کے عوام بالخصوص پنجاب سے یکجہتی کا اظہار کیا ہے۔

سوشل میڈیا پر اپنے ٹوئٹر پیغام میں صدر اردگان نے کہا ہے کہ افسردہ لاہور ہم آپ کے ساتھ ہیں۔ ترک صدر نے غمزدہ خاندانوں سے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔

اسی طرح ترجمان امریکی محکمہ خارجہ مارک ٹونر نے کہا ہے کہ دہشت گردوں نے مظاہرین اور پولیس کو نشانہ بنایا۔

دہشت گردی کا شکار ہونے والوں کے لواحقین سے تعزیت کا اظہار کرتے ہیں۔ دہشت گردی کے خلاف جنگ میں پاکستان کے ساتھ ہیں۔ خطے کی سیکورٹی کیلئے پرعزم ہیں۔

برطانوی ہائی کمشنر تھامس ڈریو نے لاہور دھماکے کی مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ پرامن مظاہرین پر بزدلانہ حملہ کیا گیا۔ متاثرین کے اہل خانہ سے دلی ہمدردی کا اظہار کرتے ہیں۔

آرمی چیف جنرل قمر جا وید باجوہ نے لاہور بم دھماکے کی مذمت کرتے ہوئے قیمتی جانوں کے ضیاع پر افسوس کا اظہار کیا ہے۔

پاک فوج کے ترجمان ادارے کی جانب سے جاری اعلامیہ کے مطابق آرمی چیف جنرل قمر جا وید باجوہ نے لاہور دھماکے کی مذمت کی اور مقامی کمانڈرز اور انیٹلی جنس ایجنسی کو سول انتظامیہ کی معاونت کی ہدایت کی ہے۔

صدر مملکت ممنون حسین اور وزیراعظم میاں محمد نواز شریف نے بھی لاہور میں ہونے والے دھماکے کی شدید الفاظ میں مذمت کی ہے۔

صدر مملکت ممنون حسین نے لاہور میں دہشت گردی کے واقعے کی مذمت کرتے ہوئے دھماکے میں شہید پولیس افسران سمیت تمام افراد کے اہل خانہ سے تعزیت کی ہے۔

انہوں نے انتظامیہ کو ہدایت کی ہے کہ زخمیوں اور تمام متاثرین کو ہر ممکن سہولتیں فراہم کی جائیں۔

صدر ممنون حسین کا کہنا تھا کہ ریاست دہشت گردی کے مکمل خاتمے کے لیے یکسو ہے، دہشت گردی کے ذمہ داروں کو کیفر کردار تک پہنچایا جائے گا۔

وزیر اعظم میاں محمد نواز شریف کا کہنا ہے کہ بزدلانہ حملے دہشت گردی کےخلاف قوم کےعزم کو متزلزل نہیں کرسکتے، حکومت دہشت گردی کو جڑ سے اکھاڑ پھینکنے کےلئے پرعزم ہے۔

پاکستان پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے لاہور میں ہونے والے خود کش دھماکے میں قیمتی جانوں کے نقصان پر اظہار افسوس اور دھماکے کی مذمت کرتے ہوئے اس واقعے کو وحشیانہ اور بزدلانہ کارروائی قرار دیا ہے۔

قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف خورشید شاہ نے اپنے پیغام میں شہداء کے اہل خانہ سے تعزیت کرتے ہوئے کہا کہ دہشت گردوں کا اسلام، پاکستان اور انسانیت سے کوئی تعلق نہیں، نیشنل ایکشن پلان پر بلا خوف و خطر پوری تندہی سے عمل کرنے کی ضرورت ہے ورنہ دہشت گردی کے خاتمے کی ہماری کوششیں مکمل کامیابی سے ہمکنار نہیں ہو سکیں گی۔

دوسری جانب وزیر اعلی پنجاب شہباز شریف نے افسوسناک واقعے پر پنجاب میں 1 روزہ سوگ کا اعلان کر دیا ہے۔

اس زمرے میں آج صوبے بھر میں سرکاری و نیم سرکاری عمارتوں پر قومی پرچم سرنگوں رہے گا۔

اہم ترین پاکستان خبریں
اہم ترین خبریں
خبرنگار افتخاری