پاکستان دہشتگردی کی لپیٹ میں/ کل پنجاب میں یوم سوگ، آج مہمند ایجنسی میں خودکش دھماکہ


پاکستان دہشتگردی کی لپیٹ میں/ کل پنجاب میں یوم سوگ، آج مہمند ایجنسی میں خودکش دھماکہ

مہمند ایجنسی میں خود کش دھماکے کے نتیجے میں 4 لیویز اہلکاروں سمیت 6 افراد جاں بحق جبکہ 4 اہلکاروں سمیت متعدد افراد زخمی ہوئے ہیں۔

خبر رساں ادارے تسنیم کے مطابق، پاکستان دہشتگردی کی لپیٹ میں ہے جس کی وجہ سے ملک بھر میں شہری اپنے آپ کو غیر محفوظ تصور کرتے ہیں۔

پارا چنار ہو کہ وزیرستان، کوئٹہ ہو کہ لاہور، معلوم ہوتا ہے کہ پاکستانیوں کا لہو بہت ارزاں ہو چکا ہے۔

انسانیت اور وطن دشمن دہشتگردوں نے پاکستانی عوام کو ایک عجیب خوف اور غم کی کیفیت سے دو چار کر رکھا ہے۔ ابھی ایک بم دھماکے کا زخم تازہ ہوتا ہے کہ دہشت گرد پاکستان کی سالمیت، عوام کی زندگی اور حکومت کی کارکردگی پر ایک اور کاری  وار کر جاتے ہیں۔

تازہ اطلاع کے مطابق، مہمند ایجنسی ہیڈکوارٹر غلنئی میں دھماکہ ہوا ہے جس کے نتیجے میں 4 لیویز اہلکاروں سمیت 6 افراد جاں بحق اور متعدد افراد زخمی ہوئے ہیں۔

آئی ایس پی آر کے مطابق مہمند ایجنسی کے ہیڈکواٹر غلنئی میں دو خودکش حملہ آوروں نے گھسنے کی کوشش کی جن کو روکنے پر ایک خودکش بمبار نے خود کو دھماکے سے اڑا دیا۔

جبکہ سیکورٹی اہلکار نےدوسرے دہشت گرد کو گیٹ پر فائرنگ کرکے ہلاک کردیا۔

خفیہ اطلاع تھی کہ افغانستان سے خودکش بمبار مہمند ایجنسی میں داخل ہوئے ہیں۔

پولیٹیکل انتظامیہ کا کہنا ہے کہ 2 دہشت گرد موٹر سائیکل پر سوار تھے اور دونوں مین گیٹ سے اندر گھسنے کی کوشش کر رہے تھے جسے سیکورٹی فورسز نے ناکام بنا دیا ہے ۔

واضح رہے کہ غلنئی ہیڈ کوارٹر میں پولیٹیکل انتظامیہ کے آفس اور دیگر سرکاری دفاتر ہیں۔

سانپ نکل جانے کے بعد لکیر پیٹنے کے مترادف، علاقے میں سرچ آپرشن شروع کردیا گیا ہے۔

تمام مرکزی بازاروں سمیت مارکیٹوں کو بند کر کے داخلی و خارجی راستوں پر چیکنگ سخت کردی گئی ہے۔

اہم ترین پاکستان خبریں
اہم ترین خبریں
خبرنگار افتخاری