پاک فوج نے افغان سرحد پر بھاری اسلحہ پہنچا دیا


پاک فوج نے افغان سرحد پر بھاری اسلحہ پہنچا دیا

پاک فوج نے دہشت گردوں کی نقل و حرکت روکنے کے لیے بھاری توپ خانہ پاک افغان سرحد پر بھجوا دیا ہے۔

خبر رساں ادارے تسنیم کے مطابق، پاک افغان سرحد سے دہشت گردوں کی نقل و حرکت کو ختم کرنے کی غرض سے پاک افغان سرحد پر سیکورٹی انتہائی سخت کردی گئی ہے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ پاک فوج نے سرحدی علاقے پر بھاری توپ خانہ بھی بھجوا دیا ہے تاکہ سرحد پار کرنے والے دہشت گردوں کے خلاف موثر کارروائی کی جا سکے۔

دفاعی ماہر بریگیڈیئر ریٹائرڈ غضنفر علی نے کہا ہے کہ یہ پاک فوج کا بہت اچھا اقدام ہے، اس سے دہشت گردوں کی نقل و حرکت روکنے میں مدد ملے گی۔

ان کا کہنا تھا کہ پاک افغان بارڈر بہت طویل ہے اور اس کے ایک ایک انچ کی حفاظت کرنا مشکل ہے، ایسی صورتحال میں پاک افغان بارڈر پر سیکورٹی سخت کر کے دہشت گردوں کی نقل و حرکت کو موثر طریقے سے روکا جا سکتا ہے۔

واضح رہے کہ پاک فضائیہ کی جانب سے گذشتہ چند روز میں افغانستان میں موجود کالعدم  تنظیم جماعت الاحرار اور ٹی ٹی پی کے ٹھکانوں کو نشانہ بنا کر متعدد دہشت گردوں کو ہلاک کیا گیا ہے، جس کی سابق افغان صدر حامد کرزئی نے مذمت بھی کی ہے۔

دوسری جانب، ان کا یہ بھی کہنا تھا کہ پاکستان میں ہونے والی دہشتگردی پاکستانی حکومت کی غلط پالیسیوں کا نتیجہ ہے۔

واضح رہے کہ کوئٹہ پولیس نے بھی شہر کے مختلف علاقوں میں کریک ڈاﺅن کرتے ہوئے 35 افغان باشندوں کو گرفتار کرلیا ہے۔

جبکہ پنجاب میں قانون نافذ کرنے والے اداروں کی کارروائی کے دوران گرفتار ہونے والے 250 مشکوک افراد میں بھی افغانی شہریوں کی ایک بڑی تعداد بتائی گئی ہے۔

اہم ترین پاکستان خبریں
اہم ترین خبریں
خبرنگار افتخاری