آسٹریلیا؛ طیارہ حادثے میں 5 افراد ہلاک + تصاویر


آسٹریلیا؛ طیارہ حادثے میں 5 افراد ہلاک + تصاویر

آسٹریلیا کے شہر میلبرن میں ایک طیارہ حادثے کا شکار ہو کر شاپنگ سینٹر پر جا گرا جس کے نتیجے میں پائلٹ سمیت طیارے میں سوار چاروں امریکی ہلاک ہو گئے ہیں۔

خبر رساں ادارے تسنیم کے مطابق، آسٹریلیا میں ایک چھوٹا چارٹرڈ طیارہ اڑان بھرتے ہی انجن میں فنی خرابی کے باعث  ایک شاپنگ مال پر جا گرا جس سے آگ بھڑک اٹھی۔

آگ بجھانے والے عملے نے بروقت کارروائی کر کے آگ پر قابو پا لیا ہے۔

خوش قسمتی سے وہ شاپنگ مال اس وقت عوام کے لیے کھلا نہیں تھا۔

تاہم حادثے میں پائلٹ سمیت طیارے میں سوار گالف کھیلنے والے چاروں امریکی جان بحق ہو گئے ہیں۔

وکٹوریہ پولیس کے نائب کمشنر سٹیفن لین نے بتایا کہ اس چارٹر طیارے میں چھوٹے ایئرپورٹ ایسنڈون سے اڑنے کے فورا بعد بظاہر تباہ کن خرابی پیدا ہو گئی تھی۔

نائب کمشنر نے کہا کہ ابھی صرف اتنی اطلاعات ہیں کہ جہاز میں سوار افراد کے علاوہ کوئی اور ہلاک نہیں ہوا ہے۔

آگ کے شعلوں کو دیکھتے ہوئے اتنا کہہ سکتے ہیں کہ خوش قسمتی سے شاپنگ سینٹر کے اس حصے یا سٹور کی کار پارکنگ میں اس وقت کوئی نہیں تھا اور کسی کو نقصان نہیں پہنچا۔

ایک عینی شاہد ڈینیئل مے نے کہا کہ یہ حادثہ اس وقت ہوا جب وہ شاپنگ سینٹر کے کھلنے کا انتظار کر رہے تھے۔

وکٹوریہ کے پریمیئر ڈینیئل اینڈریو نے حادثے پر دکھ کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ آج کا دن بہت ہی اداس کرنے والا ہے اس لیے کہ آج کئی افراد کی موت ہو گئی اور یہ گذشتہ 30 برسوں میں ہماری شہری ہوابازی میں ہونے والا بدترین واقعہ ہے۔

خیال رہے کہ ایسنڈون ایئرپورٹ زیادہ تر چھوٹے طیاروں کے لیے استعمال ہوتا ہے اور یہ سینٹرل میلبرن سے 13 کلومیٹر کے فاصلے پر شمال مغرب میں واقع ہے۔

آسٹریلیا کے ٹرانسپورٹ سیفٹی بیورو نے کہا کہ وہ دوہرے انجن والے بیچ کرافٹ بی 200 کنگ ایئر کے سانحے کے بارے میں تفتیش کرے گا۔

اہم ترین دنیا خبریں
اہم ترین خبریں
خبرنگار افتخاری