پاکستان میں دہشتگردوں کے گرد گھیرا تنگ/ کاروائیاں اور چھاپے جاری


پاکستان میں دہشتگردوں کے گرد گھیرا تنگ/ کاروائیاں اور چھاپے جاری

ملک بھر میں دہشت گردی اور شدت پسندی کے خلاف کارروائیاں جاری ہیں جن کی مد میں مختلف علاقوں سے سینکڑوں افراد گرفتار جبکہ خیبرایجنسی کے علاقے راجگال میں 13 دہشتگرد ہلاک ہو گئے ہیں۔

خبررساں ادارے تسنیم کے مطابق، پاکستان کے دہشتگردی کی لپیٹ میں آجانے کے بعد ملک بھر میں دہشتگردوں کے خلاف کارروائیاں تیز کر دی گئی ہیں۔

قانون نافذ کرنے والے ادارے کی طرف سے مختلف واقعات میں مختلف شہروں سے سینکڑوں مشکوک افراد کو حراست میں لے لیا گیا ہے۔

* پشاور میں پولیس اور سیکورٹی فورسز نے سرچ آپریشن کرکے 2 اشتہاری ملزموں سمیت 72 افراد کو گرفتار کرلیا ۔

پولیس کے مطابق ملزمان کے قبضے سے ایک کلاشنکوف اور سب مشین گن سمیت دیگر اسلحہ اور منشیات برآمد کی گئی ہے۔ گرفتار افراد میں سے 15 کو کرائے داری کے کوائف مکمل نہ کرنے پر گرفتار کیا گیا ہے۔

* جہلم میں بائی پاس کے قریب پولیس اور حساس اداروں نے سرچ آپریشن کر کےغیر ملکی سمیت 7 افراد کوگرفتار کر لیا۔

* فیصل آباد اور رحیم یارخان میں پولیس اور حساس اداروں نے سرچ آپریشن کرکے 15 مشتبہ افراد کو حراست میں لے لیا  جبکہ ایک مشکوک گاڑی بھی تحویل میں لی گئی۔

* خیبرپختونخوا میں سیکیورٹی فورسز نے لکی مروت اور ہنگو کے اضلاع سے دوسوپچاسی مشتبہ افراد کو گرفتار کیا ہے۔ ان سے اسلحہ وگولہ بارود بھی برآمدکیاگیا ہے۔

* چنیوٹ میں پولیس اورقانون نافذ کرنے والے اداروں کا مختلف علاقوں میں سرچ آپریشن ہوا جس میں سرچ آپریشن میں 100سےزائد مشکوک افراد کی بائیومیٹرک ڈیوائس سےتصدیق کی گئی۔

* مہمند ایجنسی کے رہائشی دہشت گرد ستار خان کوراولپنڈی کی ریلوے کالونی روڈ سے گرفتار کیا گیا ہے۔ ملزم راولپنڈی میں دہشت گردی کی منصوبہ بندی کر رہا تھا۔

* بہاولپور کی شاداب کالونی میں مشتبہ افراد کی موجودگی کی اطلاع پر پولیس نے ایک مکان پر چھاپا مارا۔ کارروائی کے دوران ایک خاتون سمیت 3افراد کو گرفتار کر کے اسلحہ برآمد کر لیا گیا۔
 
* حافظ آباد میں کومبنگ آپریشن کے دوران پولیس نے 19مشتبہ افرادکو گرفتار کیا گیا ہے۔ پولیس کا کہنا ہے کہ ا ن سے تحقیقات کی جارہی ہیں۔


* مہمند ایجنسی میں بارودی سرنگ کے دھماکے سے ایک راہگیر شہید ہو گیا۔ مہمند ایجنسی کی تحصیل پنڈیالی کے علاقے دوبی زئی میں ایک شخص بارودی سرنگ سے ٹکرا گیا جس کے دھماکے سے وہ شہید ہو گیا۔ دھماکے کے بعد سیکورٹی فورسز نے علاقے کو گھیرے میں لے لیا اور سرچ آپریشن شرو ع کردیا۔

* خیبرایجنسی کے علاقے راجگال میں پاک فضائیہ کی کارروائی میں دہشت گردوں کے ٹھکانوں پر بمباری کی گئی جس کے نتیجے میں 5 دہشت گرد ہلاک اورٹھکانے تباہ کردئیے گئے۔ اس بمباری میں 5 دہشت گرد ہلاک اور متعدد زخمی ہوگئے۔ اس بمباری میں3 ٹھکانے بھی تباہ کیے گئے۔ مذکورہ کارروائی افغانستان سے ملحقہ علاقوں میں کی گئی۔ ہلاک ہونے والے دہشت گردوں کا تعلق کالعدم لشکر اسلام اورداعش سے بتایا جا رہا ہے۔

* کراچی کے علاقے ملیر بکرا پیڑی روڈ پر پولیس سے مقابلے میں 8 دہشت گرد مارے گئے۔ مارے جانے والوں میں کالعدم تحریک طالبان ٹانک کا امیر گل زمان بھی شامل ہے۔ واضح رہے کہ پولیس مقابلے میں 16 سال کا خود کش بمبار بھی مارا گیا ہے۔

دہشت گروں کے قبضے سے اسلحہ اور لیپ ٹاپ بم بھی ملا ہے۔ یہ لیپ ٹاپ بم اگر پھٹ جاتا تو بڑی تباہی ہو سکتی تھی۔

اہم ترین پاکستان خبریں
اہم ترین خبریں
خبرنگار افتخاری