جنرل باجوہ: پاک ترک فوجوں کے درمیان تعاون مزید بہتر ہونا چاہیے


جنرل باجوہ: پاک ترک فوجوں کے درمیان تعاون مزید بہتر ہونا چاہیے

آپریشن ردالفساد کے بعد آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ کی سفارتی سرگرمیوں میں تیزی آئی ہے جس کے تحت انہوں نے متحدہ عرب امارات کے دورے کے فورا بعد روسی سفیر اور پھر اگلے ہی روز ترک چیف آف جنرل سٹاف جنرل ہولوسی اقر سے جی ایچ کیو میں ملاقات کی ہے۔

خبررساں ادارے تسنیم کے مطابق، جی ایچ کیو میں چیف آف آرمی سٹاف جنرل قمر جاوید باجوہ کی ترک چیف آف جنرل سٹاف جنرل ہولوسی اقر سے ملاقات ہوئی ہے جس میں علاقائی سلامتی سے متعلق امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

آئی ایس پی آر کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ ترک چیف آف جنرل سٹاف نے جی ایچ کیوں کا دورہ کیا جہاں انہوں نے یادگار شہدا پر پھول چڑھائے اور فاتحہ خوانی کی۔

بعد ازاں ترک چیف آف جنرل سٹاف جنرل ہولوسی اقر نے چیف آف آرمی سٹاف جنرل قمر جاوید باجوہ سے ملاقات کی۔

ملاقات میں باہمی دلچسپی کے امور کے ساتھ ساتھ دونوں ممالک کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔

اس موقع پر جنرل قمر جاوید باجوہ کا کہنا تھا کہ دونوں ممالک کی فوجوں کے درمیان تعاون مزید بہتر ہونا چاہیے کیونکہ بہتر فوجی تعلقات کے نتیجے میں خطے میں سیکورٹی کے بہتر اثرات مرتب ہونگے۔

اس موقع پر جنرل ہولوسی اقر نے دہشت گردی کے خلاف جنگ میں پاک فوج کی قربانیوں کو سراہا اور آپریشن رد الفساد کی بھی تعریف کی۔

واضح رہے کہ پچھلے چند روز میں آرمی چیف جنرل قمر جاوید نے متحدہ عرب امارات کے دورے کے فورا بعد روسی سفیر اور پھر اگلے ہی روز ترک چیف آف جنرل سٹاف جنرل ہولوسی اقر سے جی ایچ کیو میں ملاقات کی ہے۔

دوسری جانب ملک بھر میں  دہشتگردی کے خلاف آرمی چیف کی سربراہی میں آپریشن رد الفساد تیزی سے جاری ہے۔

اہم ترین پاکستان خبریں
اہم ترین خبریں
خبرنگار افتخاری