دہشتگردی کا خدشہ: کے پی کے اور لاہور کے متعدد نجی اسکول بند


دہشتگردی کا خدشہ: کے پی کے اور لاہور کے متعدد نجی اسکول بند

حساس اداروں کی جانب سے لاہور اور خیبرپختونخوا کے نجی تعلیمی اداروں میں دہشتگرد حملوں کے خدشے کے پیش نظر لاہور کے مختلف علاقوں میں تعلیمی اداروں کو بند اور سیکیورٹی کو مزید سخت کر دیا گیا ہے۔

خبررساں ادارے تسنیم کے مطابق، خفیہ ایجنسیوں نے لاہور اور خیبر پختونخوا کے شہروں میں دہشتگردوں حملوں کے حوالے سے ایک الرٹ جاری کیا ہے جس میں انکشاف کیا گیا ہے کہ لاہور میں نجی اور جدید انگلش میڈیم سکولز کو نشانہ بنانے کیلئے دہشتگردوں کو بھیجا گیا ہے۔

رپورٹ میں خدشے کا اظہار کیا گیا ہے کہ مارچ کے مہینے کے دوران جمرود باڑا اور پشاور میں نجی تعلیمی اداروں کو نشانہ بنانے کیلئے 4دہشتگردوں کو روانہ کر دیا گیا ہے جبکہ ان کے سہولت کار پہلے سے ہی پشاور میں موجود ہیں ۔

مراسلے میں مزید کہا گیا ہے کہ دہشتگردحملوں کے امکان کے پیش نظر حساس تنصیبات، اہم عمارتوں ، ہسپتالوں اور سکولوں کی سخت نگرانی کی ضرورت ہے تاکہ کسی بھی ناخوشگوار واقعے سے بچا جا سکے۔

مذکورہ مراسلے کی کاپی آئی جی پولیس پنجاب، سیکرٹری سکول ایجوکیشن ڈیپارٹمنٹ پنجاب، سی سی پی او لاہور، ڈی آئی جی آپریشنز، تمام ڈویژنل کمشنرز اور ریجنل پولیس افسران کو ارسال کر دی گئی ہے۔

اہم ترین پاکستان خبریں
اہم ترین خبریں
خبرنگار افتخاری