پاکستان عالمی سازشوں کی آماجگاہ بن چکا ہے، صاحبزادہ حامدرضا


پاکستان عالمی سازشوں کی آماجگاہ بن چکا ہے، صاحبزادہ حامدرضا

سنی اتحاد کونسل پاکستان کے چیئرمین نے اس بیان کے ساتھ کہ دہشتگردوں کے معاملہ میں صوبائی تعصب ابھارنا ملک دشمنی ہے، کہا: پاکستان عالمی سازشوں کی آماجگاہ بن چکا ہے۔ حکومت غیر ملکی ایجنسیوں کے نیٹ ورک کا صفایا کرے۔

خبر رساں ادارے تسنیم کے مطابق سنی اتحاد کونسل پاکستان کے چیئرمین صاحبز ادہ حامد رضا نے کہا ہے کہ اہلسنّت اپنے مدارس کی تلاشی اور چھان بین کی رضاکارانہ پیشکش کرتے ہیں۔ دہشتگردوں کے معاملہ میں صوبائی تعصب ابھارنا ملک دشمنی ہے۔ داعش کا حامی وزیر اعظم کی ناک کے نیچے اسلام آباد میں بیٹھا ہواہے۔ مولانا عبد العزیز آپریشن ردّالفساد کی زد میں آئے گا تو قوم کو یقین آئے گا کہ حکومت دہشتگردوں کے خاتمے میں سنجیدہ ہے۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ کرپشن کے بت پاش پاش ہونے والے ہیں۔ قوم نااہل حکمرانوں سے مایوس اور بیزار ہے۔ پیٹرول کی قیمتوں بڑھا کر عوام کا معاشی قتل کیا گیا ہے۔ نظام زندگی مفلوج کرکے پی ایس ایل کا فائنل لاہور میں کروانا حماقت ہے۔

چیئرمین سنی اتحاد کونسل پاکستان نے پنجاب میں دہشتگردوں کیخلاف آپریشن پر زور دیتے ہوئے کہا کہ پنجابی طالبان کے خلاف آپریشن وقت کی ضرورت ہے۔ حکومتی صفحوں میں موجود دہشتگردوں کے سہولت کاروں کا صفایا کرنا ہو گا۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے سنی اتحاد کونسل کے رہنماملک محمد بخش الٰہی کی رہائش گاہ پر مختلف وفود سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔

صاحبزادہ حامد رضا نے مزید کہا کہ پاک فوج دہشتگردی کے خاتمے کیلئے قربانیاں دے رہی ہے جبکہ حکمران اپنی کرپشن بچانے میں مصروف ہیں۔

انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم نے بھارت کو دوٹوک جواب نہ دیکر قوم کو مایوس کیا ہے۔ پاکستان عالمی سازشوں کی آماجگاہ بن چکا ہے۔ حکومت غیر ملکی ایجنسیوں کے نیٹ ورک کا صفایا کرے۔ خطے کے تمام ممالک کو ملکر دہشتگردی کا مقابلہ کر نا ہو گا۔ذاتی مفادات کے غلام حکمران عوام کے مسائل حل نہیں کرسکتے۔ دہشتگردوں کے مذہبی ہمدرد فساد کی اصل جڑ ہیں۔

اہم ترین پاکستان خبریں
اہم ترین خبریں
خبرنگار افتخاری