ترک صدر نے گرفتار جرمن صحافی کو جاسوس قرار دیا


ترک صدر نے گرفتار جرمن صحافی کو جاسوس قرار دیا

ترک صدر رجب طیب اردگان نے جرمن صحافی کو جاسوس قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ جرمنی دہشت گردی کو فروغ دے رہا ہے۔

خبررساں ادارے تسنیم کے مطابق، استنبول میں ایک تقریب سے خطاب میں صدر اردگان کا کہنا تھا کہ جرمنی دہشت گردی کو فروغ دینے میں مدد کررہا ہے۔

انہوں نے کہا کہ گزشتہ دنوں جس صحافی کو دہشت گردی کے الزامات کے تحت گرفتار کیا گیا ہے، اس کا تعلق جرمنی سے ہے۔

ترک صدر نے جرمن صحافی کو جاسوس قرار دیتے ہوئے کہا کہ ضرورت ہے اس کے خلاف دہشت گردی کے فروغ اور مدد دینے کے الزامات پر مقدمہ چلایا جائے۔

انہوں نے کہا کہ جرمنی میں کرد باغی لیڈروں کو تو جلسے کرنے کی اجازت دی جاتی ہے تاہم اگر اردگان کے حامی ریلی نکالنا چاہیں تو ان پر پابندی عائد کی جاتی ہے۔

واضح رہے کہ چند روز قبل بین الاقوامی جریدے سپائیجل نے صحافیوں کی جاسوسی کا انکشاف کرتے ہوئے لکھا تھا کہ جرمن خفیہ ایجنسی بی این ڈی دنیا بھر میں غیر ملکی صحافیوں کی جاسوسی میں ملوث ہے۔

 رپورٹ میں دعویٰ کیا گیا تھا کہ بی این ڈی نے پاکستانی صحافیوں سمیت بی بی سی، رائٹرز اور نیویارک ٹائمز کے مختلف صحافیوں کے نہ صرف ٹیلی فون ٹیپ کیے بلکہ ان کی نقل و حمل پر بھی گہری نظر رکھی۔

اہم ترین دنیا خبریں
اہم ترین خبریں
خبرنگار افتخاری