دہشتگردی پوری قوم کا مسئلہ ہے/ اسے سندھی، پنجابی، پختون اور بلوچی کی لڑائی نہ بنایا جائے


دہشتگردی پوری قوم کا مسئلہ ہے/ اسے سندھی، پنجابی، پختون اور بلوچی کی لڑائی نہ بنایا جائے

امیر جماعت اسلامی پاکستان سراج الحق نے کہا ہے کہ ملک میں دہشتگردی کسی پاکستانی کا نہیں بلکہ کلبھوشن یادیو اور ریمنڈ ڈیو س جیسے بلیک واٹرز کے ایجنٹوں کا کام ہے۔

خبر رساں ادارے کے مطابق امیر جماعت اسلامی پاکستان سراج الحق نے کہا ہے کہ ملک میں دہشتگردی کسی پاکستانی کا نہیں ، کلبھوشن ، ریمنڈ ڈیو س اور بلیک واٹرز کے ایجنٹوں کا کام ہے۔ کلمہ کی بنیاد پر بننے والا اسلامی دنیا کا قائد اور ایٹمی قوت کا حامل پاکستان دشمن کی آنکھوں میں کانٹے کی طرح چبھتا ہے اس لیے اسلام دشمنوں نے پاکستان کو ہدف بنارکھاہے۔

انہوں نے کہا کہ عراق، افغانستان، یمن اور شام کے بعد وہ پاکستان کو عدم استحکام سے دوچار کرنے کے لیے ہماری قومی یکجہتی کو پارہ پارہ کرنا چاہتے ہیں۔ دہشتگردی پوری قوم کا مسئلہ ہے اسے سندھی، پنجابی، پختون اور بلوچی کی لڑائی نہ بنایا جائے۔ پنجاب اور سندھ کی حکومتیں اپنے اپنے صوبوں میں پختونوں اور بلوچوں کے خلاف متعصبانہ سرگرمیوں کا نوٹس لیں اور بلاجواز پکڑ دھکڑ کا سلسلہ فوری ختم کیا جائے۔

ان خیالات کااظہار انہوں نے منصورہ میں منعقدہ پختون جرگہ سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

سینیٹر سراج الحق نے کہا کہ جب تک فوج کی پشت پر عوام نہ ہوں، وہ کوئی معرکہ سر نہیں کر سکتی۔ دشمن ہماری قومی یکجہتی کو نقصان پہنچانے کے لیے ہمیں قومیت، لسانیت اور مسلکوں کے اختلافات میں الجھا رہاہے۔ دہشتگردی کے خاتمہ کے لیے ضروری ہے کہ ہم دشمن کی سازشوں کو ناکام بنانے کے لیے باہمی اتحاد کو قائم رکھیں۔

انہوں نے کہا کہ پاکستانی پرامن اور محب وطن قوم ہیں جس نے بھارت، امریکہ اور اسرائیل کی سازشوں کا ڈٹ کر مقابلہ کیاہے۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان کی سالمیت اور تحفظ کے لیے ضروری ہے کہ باہمی اختلافات کو ختم کر کے ملک میں اخوت و محبت اور بھائی چارے کو فروغ دیں حکمرانوں کی بداعمالیوں اور کالے کرتوتوں کی وجہ سے آج پاکستان اور پنجاب کو گالیاں مل رہی ہیں اور لسانی تعصبات کو ابھرنے کا موقع مل رہا ہے۔

انہوں نے پنجاب اور سندھ میں پختونوں اور بلوچوں کی پکڑ دھکڑ اور کئی کئی دن تھانوں میں بند کر کے تفیش کے نام پر تذلیل اور تضحیک کرنے کی شدید مذمت کرتے ہوئے اسے پاکستان کی سالمیت سے کھیلنے کے مترادف قرار دیا اور مطالبہ کیا کہ دونوں صوبائی حکومتیں فوری طور پر ان کاروائیوں کا سختی سے نوٹس لیں۔

انہوں نے کہاکہ اسلام پسندوں کو دیوار سے لگانے کے لیے رد الفساد کی آڑ میں سیکولر قوتیں خود دہشتگردی کی سہولت بنی ہوئی ہیں۔

سیکرٹری جنرل جماعت اسلامی پاکستان لیاقت بلوچ نے جرگہ سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ دہشتگردی کے خاتمہ اور امن کے قیام کے لیے کوئی محب وطن اختلاف نہیں کر سکتا۔ قومی ایکشن پلان پر عملدرآمد میں مذہب، مساجد، علم اور اب رد الفساد آپریشن میں لسانی، علاقائی قومیتوں کا فساد کھڑا کر دیا گیاہے۔ حکومتیں اور سیکورٹی فورسز اس کا سدباب کریں۔ پختون محب وطن اور محب دین ہیں، لاہور اور پنجاب کے ہر شہر میں عوام پختونوں سے کیے جانے والے اقدامات سے نالاں ہیں۔ وزیراعلیٰ پنجاب صوبہ میں اٹھنے والی تعصبات کی لہر پر فوری اقدامات کریں۔

انہوں نے کہاکہ فاٹا کے عوام کو آئینی، جمہوری اور بنیادی انسانی حقوق مل کر رہیں گے۔

لیاقت بلوچ نے پاکستان سپر لیگ کے لاہور میں فائنل کا خیر مقدم کیا اور کہا کہ نوجوانوں سے کھیل کے میدان آباد ہوں تو نوجوان نسل کا مستقبل محفوظ ہوتا ہے، کھیل کو دہشتگردی اور سیاست کی پھڈا بازی سے پاک رہنا چاہیے۔

ان کا کہنا تھا کہ رکن قومی اسمبلی صاحبزادہ طارق اللہ نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ پختونوں کے ساڑھے تین لاکھ سے زائد بلاک کیے گئے شناختی کارڈ فوری بحال کیے جائیں اور نئے شناختی کارڈز کے اجراء میں رکاوٹوں کو دور کیا جائے۔

انہوں نے کہا کہ پختونوں نے پاکستان کی حفاظت کے لیے ناقابل فراموش قربانیاں دی ہیں اور لاکھوں پختون بغیر تنخواہ کے آج بھی فوج کے شانہ بشانہ یہ قربانیاں پیش کر رہے ہیں۔

انہوںنے کہاکہ پختونوں کو پکڑ کر انہیں تھانوں میں بند کردیا جاتا ہے اور پھر ہزاروں روپے رشوت لے کر چھوڑا جاتاہے۔ پولیس یہ دکانداری بند کر ے۔

امیر جماعت اسلامی لاہور ذکر اللہ مجاہد نے اپنے خطاب میں کہا کہ ہم ہر جگہ امن کمیٹیاں تشکیل دے کر اپنے پختون اور بلوچ بھائیوں کے مسائل حل کریں گے۔

اہم ترین پاکستان خبریں
اہم ترین خبریں
خبرنگار افتخاری