پاکستان؛ بدھ مت اور سکھ تہذیب کے تمدنی آثار کا وارث


پاکستان؛ بدھ مت اور سکھ تہذیب کے تمدنی آثار کا وارث

صوبائی وزیر برائے اعلیٰ تعلیم نے کورین وفد کو پاکستان کے تہذیبی ورثہ کے بارے بریفنگ دیتے ہوئے کہا کہ بدھ مت اور سکھ تہذیب کے تمدنی آثار کا وارث ہونے کی بنا پر پاکستان جنوبی ایشیا کا کلچرل کیپیٹل کہلانے کا بجا طو رپر مستحق ہے۔

خبر رساں ادارے تسنیم کے مطابق صوبائی وزیر برائے اعلی تعلیم سید رضا علی گیلانی نے کہا ہے کہ دنیا بھر میں پاکستان کو یہ افتخار حاصل ہے کہ اس کے پاس بدھا تہذیب کے بہترین نمونے موجود ہیں۔ پاکستان پر مشتمل علاقے زمانہ قدیم سے تہذیب و ثقافت کے گہوارے رہے ہیں۔ بدھ مت اور سکھ تہذیب کے تمدنی آثار کا وارث ہونے کی بناء پر پاکستان جنوبی ایشیاء کا کلچرل کیپیٹل کہلانے کا بجا طو رپر مستحق ہے۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے لاہور میوزیم کا دورہ کرنے والے کورین وفد کو پاکستان کے تہذیبی ورثہ کے بارے میں بریفنگ دیتے ہوئے کیا۔

انہوں نے کہا کہ پاکستانی معاشرہ کثیر الجہتی ثقافتی نمونوں کا حامل ہے۔ اس کے ساتھ ساتھ پاکستانی معاشرے میں روا داری اور برداشت کی روشن روایات صدیوں سے موجود ہیں۔

انہوں نے کہا کہ یہ بات خوش آئند ہے کہ مسلم صوفیا کرام نے مذہبی برداشت کی ان روایات کو اپنے حسن سلوک سے آگے بڑھایا اور لوگوں کا دل جیتا۔

ان کا کہنا تھا کہ حکومت پنجاب نے مختلف مذاہب اور تہذیبوں کے اس عظیم ورثے کی حفاظت و دیکھ بھال پر خصوصی توجہ دی ہے۔

اس موقع پر کورین وفد نے "مسکراتے بدھا" کے مجسمے سمیت لاہور میوزیم کے مختلف نوادرات میں گہری دلچسپی لی اور بتایا کہ ان تاریخی اشیاء کی ڈیجیٹل فوٹوگرافی کر کے انہیں جنوبی کوریا میں نمائش کے لئے پیش کیا جائے گا۔

اہم ترین پاکستان خبریں
اہم ترین خبریں
خبرنگار افتخاری