ریاض نے تہران کی شرائط مان لیں/ ایرانی امسال فریضہ حج ادا کریں گے


ریاض نے تہران کی شرائط مان لیں/ ایرانی امسال فریضہ حج ادا کریں گے

ایرانی محکمہ حج اور زیارت نے بیان جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ سعودی حکام کے ساتھ اسلامی جمہوریہ ایران کے مذاکرات کامیاب ہوگئے ہیں۔

تسنیم خبررساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق ایرانی محکمہ حج اور زیارت نے بیان جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ سعودی حکام نے اسلامی جمہوریہ ایران کی تمام شرائط مان لی ہیں۔

بیانیہ میں کہا گیا ہے کہ امام خامنہ ای کے فرمودات پر عمل کرتے ہوئے اسلامی جمہوریہ ایران کے قابل احترام حکام اور شہید پرور قوم کی صبر و استقامت اور کوششوں کی بدولت اس سال اسلامی جمہوریہ ایران کے 85 ہزار سے زائد حجاج کرام فریضہ حج ادا کریں گے۔

ایران اور سعودی عرب کے درمیان بات چیت کے بعد اتفاق رائے طے پاگیا ہے کہ ایرانی باشندے رواں سال ستمبر میں شروع ہونے والے فریضہ حج میں شرکت کریںگے۔

خیال رہے کہ ایران اور سعودی عرب کے درمیان کشیدگی کی وجہ سے گزشتہ سال 2016ء میں ایرانی شہری حج ادا کرنے سے محروم رہے تھے۔

اسلامی جمہوری ایران کے محکمہ حج و زیارت اور سعودی حکام کے درمیان مذاکرات کامیاب ہوگئے ہیں، سعودی حکام نے ایرانی حجاج کو تمام تر وسائل فراہم کرنے کا عہد کرلیا ہے۔

واضح رہے کہ سعودی عرب میں معروف شیعہ عالم شیخ نمر النمر کو پھانسی دے جانے کے بعد ایران اور سعودی عرب کے سفارتی تعلقات منقطع ہو گئے تھے۔

اہم ترین ایران خبریں
اہم ترین خبریں
خبرنگار افتخاری