بنگلہ دیش میں بم دھماکے، 4 افراد جاں بحق درجنوں زخمی / داعش نے ذمہ داری قبول کر لی


بنگلہ دیش میں بم دھماکے، 4 افراد جاں بحق درجنوں زخمی / داعش نے ذمہ داری قبول کر لی

بنگلہ دیش کے شمالی مشرقی شہر سہلٹ میں ہونے والے دو دھماکوں میں ایک پولیس اہلکار سمیت چار افراد جاں بحق اور درجنوں زخمی ہو گئے۔

خبر رساں ادارے تسنیم کے مطابق سہلٹ میں دھماکے اس رہائشی عمارت کے نزدیک ہوئے جہاں پر کمانڈوز داعش کے دہشتگردوں کے خلاف کارروائی میں مصروف تھے۔

ذرائع کے مطابق دہشتگرد پانچ منزلہ عمارت میں چھپے ہوئے تھے اور پولیس کی کارروائی سے پہلے 78 عام شہریوں کو عمارت سے باہر نکالا گیا تھا۔

کمانڈوز کے خبردار کرنے کے باوجود داعش کے دہشتگردوں نے ہتھیار ڈالنے سے انکار کر دیا تھا جس پر عام شہریوں کے عمارت سے انخلا کے بعد ان کے خلاف کارروائی شروع کی گئی۔

پولیس ترجمان زیدان الموسیٰ کا کہنا تھا کہ ان دہشت گردوں کا تعلق داعش سے ہے، پولیس نے انہیں ہتھیار ڈالنے کا کہا لیکن انہوں نے انکار کردیا۔

واضح رہے کہ دھماکوں کی جگہ کے قریب شہریوں کی ایک بڑی تعداد موجود تھی جو وہاں شدت پسندوں اور سکیورٹی اہلکاروں کے درمیان فائرنگ کے تبادلے کی وجہ سے جمع ہو گئے تھے۔

زخمی ہونے والے شہریوں کو طبی امداد کے لئے ہسپتال پہنچا دیا گیا ہے۔

سہلٹ میڈیکل کالج ہسپتال کے ایمرجنسی میڈیکل افسر عتیق الاسلام نے دھماکوں میں آرمی، پولیس اور سہلٹ سیکیورٹی کے افسران سمیت 30 سے زائد سے زخمی افراد کے ہسپتال داخل ہونے کی تصدیق کی ہے۔

پولیس کا کہنا ہے کہ پہلے دھماکہ خیز مواد کو دو موٹر سائیکل سوار افراد لائے جس کے نتیجے میں دھماکہ ہو گیا جبکہ دوسرا دھماکہ سبزیوں میں چھپائے گئے دھماکہ خیز مواد کے نتیجے میں ہوا۔

شدت پسند تنظیم داعش نے ان دھماکوں کی ذمہ داری قبول کرنے کا اعلان کیا ہے۔

واضح رہے کہ 2 روز قبل ڈھاکہ کے مرکزی ہوائی اڈے کے قریب ایک خودکش دھماکہ ہوا تھا۔

تاہم پولیس حکام کے مطابق دھماکے کے نتیجے میں صرف حملہ آور ہی مارا گیا تھا جبکہ شدت پسند تنظیم داعش نے اس دھماکے کی ذمہ داری قبول کرنے کا اعلان کیا تھا۔

اس واقعے سے پہلے 17 مارچ کو بھی ڈھاکہ میں ایلیٹ پولیس فورس کی بیرکس پر مبینہ خودکش حملے میں دو سکیورٹی اہلکار زخمی ہو گئے تھے۔

ایک دن بعد اسی پولیس کی ایک چیک پوسٹ پر ایک مشتبہ حمہ آور کو گولی مار کر ہلاک کر دیا گیا تھا۔

اہم ترین دنیا خبریں
اہم ترین خبریں
خبرنگار افتخاری