دنیا بھر کی طرح پاکستان میں ارتھ آور منایا گیا / پارلیمنٹ میں تقریب منعقد


دنیا بھر کی طرح پاکستان میں ارتھ آور منایا گیا / پارلیمنٹ میں تقریب منعقد

گذشتہ شب پاکستان سمیت دنیا بھر میں ارتھ آور منایا گیا، جس کے تحت رات ساڑھے آٹھ سے ساڑھے نو بجے تک ملک بھر میں غیرضروری لائٹس بند رکھی گئیں۔

خبر رساں ادارے تسنیم کے مطابق زمین سے محبت کے اظہار کا پیغام دینے کی غرض سے پاکستان سمیت دنیا بھر میں ارتھ آور منایا گیا۔

ارتھ آور کے تحت رات ساڑھے 8 سے ساڑھے 9 بجے تک ملک بھر میں غیرضروری لائٹس بند رکھی گئیں۔

 اس سلسلے میں مرکزی تقریب پارلیمنٹ ہاؤس میں منعقد کی گئی۔

واضح رہے کہ دنیا بھر میں ارتھ آور 25 مارچ کو منایا جاتا ہے۔

ارتھ آور منانے کے سلسلے میں پارلیمنٹ ہاؤس میں مرکزی تقریب کا اہتمام ہوا جس میں وزیر مملکت برائے اطلاعات و نشریات مریم اورنگزیب مہمان خصوصی تھیں۔

تقریب میں لائٹس بند کر کے موم بتیاں جلائی گئیں اور ہوا میں غبارے بھی چھوڑے گئے۔

ارتھ آور کے دوران، اسلام آباد، کراچی اور لاہور سمیت بڑے شہروں میں سٹریٹ لائٹس بند رکھی گئیں۔

علاوہ ازیں اہم ریسٹورنٹس اور تفریحی مقامات پر بھی موم بتیاں جلا کر ارتھ آور منایا گیا۔

واضح رہے کہ ارتھ آور زمین کو ماحولیاتی خطرات سے بچانے اور اس پر توانائی کے بے تحاشہ بوجھ کو کم کرنے کے لئے منایا جاتا ہے۔

اس سلسلے میں لوڈشیڈنگ سے شاکی ایک دل جلے پاکستانی شہری نے کہا کہ پاکستان کے غریب عوام تو سال ہا سال سے ہر روز کئی گھنٹے ارتھ آور مناتے ہیں۔

اہم ترین پاکستان خبریں
اہم ترین خبریں
خبرنگار افتخاری