سرزمین حجاز میں غیر قانونی طور پر مقیم افراد کے لئے ڈیڈلائن


سرزمین حجاز میں غیر قانونی طور پر مقیم افراد کے لئے ڈیڈلائن

سعودی عرب کی حکومت کی جانب سے غیرقانونی طریقے سے مقیم افراد کو تین ماہ کے اندراپنے آبائی ممالک میں جانے کی ڈیڈلائن دی گئی ہے۔

خبر رساں ادارے تسنیم کے مطابق سعودی حکومت کی جانب سے پاکستان سمیت تمام ممالک کے غیر قانونی طور پر مقیم تمام افراد کے لئے تین ماہ کے اندر اندرسعودیہ کو چھوڑنے کی مہلت دی گئی ہے، اس سلسلے میں قونصل خانے کے اندر معلوماتی ڈیسک قائم کر دیا گیا ہے۔

اس حوالے سے جدہ میں پاکستانی قونصل خانے میں قونصلرجنرل شہریار اکبر خان نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے بتایا کہ مملکت میں بہت سے ایسے پاکستانی موجود ہیں جوغیرقانونی طور پر رہائش پذیر ہیں ان میں زیادہ ترافراد کفیل یا مختلف کمپنیوں سے بھاگے ہوئے ہیں۔

سعودیہ بھر میں اس زمرے میں مختلف سنٹرز بھی قائم کیے گئے ہیں جن پر واپس جانے والے افراد اپنے کوائف درج کروا کر اپنی ہوائی جہاز کی ٹکٹ خرید کر واپس جا سکیں گے۔

شہریار اکبر خان نے خبردار کیا کہ اگر تین ماہ کے بعد بھی کوئی غیرقانونی طریقے سے یہاں مقیم رہا تو اس کے خلاف سعودی حکومت سختی سے پیش آئے گی اور اس پر سزا کے ساتھ ساتھ بھاری جرمانہ بھی عائد کیا جائے گا۔

لہٰذا ایسے غیر قانونی مقیم افراد موجودہ مدت سے بھر پور فائدہ اٹھائیں، اس حوالے سے سفارت خانہ اور قونصلیٹ بھرپور مدد بھی فراہم کرے گا۔

اہم ترین دنیا خبریں
اہم ترین خبریں
خبرنگار افتخاری