مقبوضہ کشمیر: پاکستانی ترانہ پڑھنے پر کشمیری کرکٹرز گرفتار


مقبوضہ کشمیر: پاکستانی ترانہ پڑھنے پر کشمیری کرکٹرز گرفتار

مقبوضہ کشمیر میں پاکستا نی کرکٹ ٹیم کی وردی پہن کر پاکستان کا قومی ترانہ پڑھنے والے تمام کشمیری کرکٹرز کوبھارتی پولیس نے حراست میں لے لیا ہے۔

خبر رساں ادارے تسنیم کے مطابق مقبوضہ کشمیر میں پاکستانی ٹیم کا یونیفارم پہن کر قومی ترانہ پڑھنے والے 11کھلاڑیوں کو حراست میں لے لیا گیا ہے۔

سینٹرل کشمیر ڈپٹی انسپکٹر جنرل غلام حسن بھٹ نے خبر کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ تمام کھلاڑی پولیس سٹیشن میں ہیں۔

کشمیری کرکٹرز کے حق میں پولیس سٹیشن کے سامنے سینکڑوں کشمیر نوجوانوں نے مظاہرہ بھی کیا۔

واضح رہے کہ 2اپریل کو کشمیری کرکٹرز نے ہندوستانی وزیراعظم مودی کے دورہ کشمیر کے موقع پر پاکستانی کرکٹ ٹیم کی کٹ پہن کرمیچ شروع ہونے سے قبل قومی ترانہ پڑھا تھا جس کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوئی تھی۔

یاد رہے کہ چند ہفتے قبل بھارتی فوجی سربراہ جنرل بپن راوت نے دھمکی دی تھی کہ جس نے بھی جموں و کشمیر میں پاکستانی پرچم لہرایا اسے بھارت دشمن اور دہشت گرد قرار دیا جائے گا اور اس کے خلاف شدید کارروائی کی جائے گی۔

تاہم کشمیری نوجوانوں پر بھارتی فوجی سربراہ کی دھمکی کا کوئی اثر نہیں ہوا تھا اور 2 روز بعد ہی جمعہ کے روز مقبوضہ وادی میں یوم مزاحمت منایا گیا تھا اور جگہ جگہ ہونے والے مظاہروں میں کشمیریوں نے نہ صرف پاکستانی پرچم لہرائے بلکہ "کشمیر بنے گا پاکستان" کے فلک شگاف نعرے بھی لگاتے رہے تھے۔

خیال رہے کہ اس بات کا اعتراف بھارتی نجی چینل این ڈی ٹی وی نے بھی کیا تھا۔

اہم ترین پاکستان خبریں
اہم ترین خبریں
خبرنگار افتخاری