یورپ کی سڑکیں قتل گاہ بن گئیں / برطانیہ کے بعد سویڈن میں حادثہ


یورپ کی سڑکیں قتل گاہ بن گئیں / برطانیہ کے بعد سویڈن میں حادثہ

لندن کے بعد سوئیڈن اسٹاک ہوم میں ایک ٹرک ہجوم کو روندتے ہوئے ڈپارٹمنٹل اسٹور میں جا گھُسا جس کے نتیجے میں 4 افراد ہلاک اور 15 زخمی ہوگئے۔

خبر رساں ادارے تسنیم کے مطابق افسوسناک واقعہ شہر کے معروف بازار میں کوین اسٹریٹ پر پیش آیا جس کے  بعد افراتفری مچ گئی اور لوگ خوف کا شکار ہو کر بھاگ نکلے۔

 واقعے کے بعد ملک میں قومی سوگ کا اعلان کیا گیا ہے۔

تفصیلات کے مطابق سویڈن کے دارالحکومت سٹاک ہوم میں نامعلوم شخص نے ڈیپارٹمینٹل سٹور کے باہر لوگوں کے ہجوم پر ٹرک چڑھا دیا جس سے 4 افراد ہلاک اور 15 شدید زخمی ہوگئے۔ 

ذرائع کے مطابق سٹاک ہوم کے وسطی علاقے ڈروٹننگٹن میں معروف اہلنز ڈیپارٹمینٹل سٹور کے باہر کوئین سٹریٹ پر خریداری اور سیاحت کیلئے آنے والے لوگوں کی چہل پہل تھی کہ اچانک نامعلوم شخص نے ان پر ٹرک چڑھا دیا۔ 

پولیس اور سکیورٹی فورسز نے آنا فانا علاقے کوگھیرے میں لے لیا۔ 

واقعہ میں 15 افراد اور نعشوں کو امدادی کارکنوں نے فوری طور پر ہسپتال منتقل کردیا۔ کئی زخمیوں کی حالت نازک بتائی گئی ہے۔ 

سویڈن کے وزیراعظم سٹیفن لوفوین نے کہا کہ ملک پر حملہ ہوا اور ہر چیز اس بات کی طرف اشارہ کررہی ہے کہ یہ دہشت گرد حملہ تھا۔ 

عینی شاہدین نے صحافیوں کو بتایا کہ سہ پہر 3 بجے شہر کے معروف بازار کوین سٹریٹ پر جہاں عموماً سیاح اور خریداری کیلئے آئے لوگ بڑی تعداد میں پیدل چلتے ہیں، اچانک ایک ہیوی ٹرک نمودار ہوا اور اس نے لوگوں کو کچلتے ہوئے ڈیپارٹمنٹل سٹور کو ٹکر ماری۔ جس کے بعد ٹرک میں آگ لگ گئی۔ 

اس واقعہ کے بعد وہاں بھگدڑ مچ گئی، ہر طرف چیخ و پکار کی آوازیں سنائی دے رہی تھیں۔ 

سٹاک ہوم میٹرو ٹرین سروس بند کرکے بوگیوں کو خالی کرا لیا گیا۔ کوین سٹریٹ کی دکانیں سوگ میں بند کردی گئیں۔ پولیس کی گاڑیاں شہر میں لائوڈ سپیکر کے ذریعے لوگوں کوگھر چلے جانے کا کہتی رہیں۔ 

دریں اثناء ٹرانسپورٹ کمپنی ’’سپیڈ ریس‘‘ کے ترجمان نے اے ایف پی کو بتایا کہ کوین سٹریٹ واقعہ میں استعمال ہونے والا ٹرک ان کی کمپنی کا ہے جسے چند روز قبل نامعلوم افراد نے اس وقت چوری کرلیا تھا جب یہ ایک ریسٹورنٹ کو خوراک کی اشیاء سپلائی کرنے جارہا تھا۔ 

رات گئے پولیس نے مشتبہ حملہ آور کی تصویر جاری کردی جو سبز رنگ کی جیکٹ پہنے ہوئے ہے اور ٹرک چھوڑ کر فرار ہوگیا تھا۔ 

پولیس نے اس کی تلاش میں سٹاک ہوم کے مختلف علاقوں میں چھاپے مارے اور 3 افراد کو گرفتار کرلیا، ان میں سے ایک نے ہجوم پر ٹرک چڑھانے کا اعتراف کرلیا۔ 

ادھر مختلف ممالک کے سربراہوں نے سٹاک ہوم سانحہ پر سویڈن اور اس کے عوام سے اظہار یکجہتی کرتے ہوئے دہشت گردی کی شدید مذمت کی ہے۔ 

یورپی کمشن کے صدر جین کلاڈ نے کہا کہ یہ ہم سب یورپی ممالک پر حملہ ہے۔ ہم سویڈن اور اس کے عوام کی ہرممکن مدد کے لئے تیار ہیں۔ 

جرمن چانسلر انجیلا مرکل نے کہا کہ ہم دہشت گردی کیخلاف سویڈن کے ساتھ کھڑے ہیں۔ فن لینڈ، ڈنمارک، بلجیئم، فرانس اور دیگر ممالک کے سربراہان نے بھی سویڈن کے ساتھ یکجہتی کا اظہار کیا ہے۔

 

 

اہم ترین دنیا خبریں
اہم ترین خبریں
خبرنگار افتخاری