سی ٹی ڈی کا مال روڈ دھماکے کے سہولت کار سمیت 10 دہشتگرد ہلاک کرنے کا دعویٰ


سی ٹی ڈی کا مال روڈ دھماکے کے سہولت کار سمیت 10 دہشتگرد ہلاک کرنے کا دعویٰ

پنجاب پولیس کے محکمہ انسداد دہشت گردی نے دعویٰ کیا ہے کہ لاہور کے قریب کارروائی میں کالعدم تنظیم کے 10 مبینہ دہشت گرد ہلاک ہوگئے۔

خبر رساں ادارے تسنیم کے مطابق سی ٹی ڈی کے ترجمان نے دعویٰ کیا ہے کہ مناواں میں کارروائی کے دوران ہلاک ہونے والے 10 دہشتگردوں میں لاہور کے مال روڈ پر ہونے والے دھماکے کا سہولت کار بھی شامل تھا۔

ترجمان کے مطابق جمعہ اور ہفتے کی درمیانی شب کو لاہور سے ایک ٹیم اسلحہ و بارود برآمد کرنے کے لیے مال روڈ دھماکے کے سہولت کار انوارالحق سمیت پانچ گرفتار مشتبہ افراد کو لے کر نواحی علاقے مناواں جارہی تھی جب رنگ روڈ کے نزدیک 9 شدت پسندوں نے حملہ کیا۔

ان کے مطابق حملہ آور گرفتار مشتبہ افراد کو بازیاب کرا کر مناواں کے علاقے میں دریائے راوی کی جانب فرار ہوئے، جس کے بعد سی ٹی ڈی نے اضافی نفری طلب کی اور ان افراد کا پیچھا کیا۔

ترجمان نے مزید بتایا کہ پولیس نے انھیں ہتھیار ڈالنے کا حکم دیا تاہم شدت پسندوں نے پولیس پر فائر کھول دیا۔

ٹیم کی جوابی فائرنگ کے نتیجے میں 10 شدت پسند ہلاک ہوگئے۔

ہلاک ہونے والے پانچ شدت پسندوں کی شناخت انوار الحق، عبداللہ، عطاالرحمٰن، امام شاہ اور عرفان خان کے نام سے ہوئی۔

واضح رہے کہ چیئرنگ کراس کے مقام پر ہونے والے خودکش دھماکے میں ڈی آئی جی ٹریفک احمد مبین اور ایس ایس پی آپریشنز زاہد گوندل سمیت 13 افراد ہلاک ہوئے تھے۔

دہشتگردی کے اس واقعے کی ذمہ داری جماعت الاحرار نے قبول کی تھی۔

اہم ترین پاکستان خبریں
اہم ترین خبریں
خبرنگار افتخاری