مصر: خودکش حملہ آوروں کی شناخت ہو گئی / کارروائی میں داعشی دہشتگرد ہلاک


مصر: خودکش حملہ آوروں کی شناخت ہو گئی / کارروائی میں داعشی دہشتگرد ہلاک

عربی ٹی وی کے مطابق مصر کے گرجا گھروں پر حملے کرنے والے دونوں خودکش بمباروں کی شناخت ہو گئی ہے جبکہ مصری سیکیورٹی فورسز نے عیسائیوں پر حملہ کرنے کی منصوبہ بندی کرنے والے داعش کے 7 دہشتگردوں کو ہلاک کرنے کا بھی دعوی کیا ہے۔

خبر رساں ادارے تسنیم کے مطابق ابو اسحاق نے اسکندریہ اور ابو البراء المصری نے طنطا کے گرجا گھر میں خود کو دھماکے سے اڑایا۔

دوسری جانب مصر کی وزارت داخلہ نےکالعدم تنظیم داعش کے 7 دہشتگردوں کو ہلاک کرنے کا بھی دعوی کیا ہے۔

ذرائع کے مطابق مذکورہ دہشتگرد عیسائیوں پر حملہ کرنے کی منصوبہ بندی کر رہے تھے۔

تفصیلات کے مطابق ابو اسحاق المصری کامرس گریجویٹ ہے اور ستمبر 1990 میں منیا القمح میں پیدا ہوا۔

چار مہینوں تک کویت میں بطور اکائونٹنٹ کام کرنے کے بعد ابو اسحاق المصری ترکی کے راستے دسمبر 2013ء میں شام چلا گیا۔

کچھ عرصے کے بعد وہ مصر کے علاقے سیناء میں واپس آگیا۔

ادھر طنطا کے گرجا گھر میں حملے کے ذمہ دار شخص کی شناخت ابو البراء المصری کے نام سے کی گئی جو 1974 کو کفر الشیخ کے قصبے ابوطبل میں پیدا ہوا۔ وہ شادی شدہ اور تین بچوں کا باپ تھا۔ وہ بھی اگست 2013 میں لبنان کے راستے سے شام داخل ہوا تھا۔

واضح رہے کہ مصر کے دو خودکش دھماکوں کے نتیجے میں کم از کم 44 افراد ہلاک جبکہ 100 سے زائد زخمی ہو گئے تھے۔

ان دہشتگرد کارروائیوں کے بعد مصر کے صدر عبدالفتح السیسی نے ملک میں تین ماہ کے لیے ایمرجنسی نافذ کرتے ہوئے اہم مقامات کی سیکورٹی فوج کے حوالے کردی ہے۔

ایمرجنسی کے نفاذ سے حکام کو یہ اختیار مل جائے گا کہ وہ بغیر وارنٹ کے کسی کے گھر کی تلاشی بھی لے سکیں گے۔

اہم ترین دنیا خبریں
اہم ترین خبریں
خبرنگار افتخاری