بھارتی وزیراعلیٰ کی اعلیٰ ظرفی اور ہندو انتہا پسندوں کا ردعمل


بھارتی وزیراعلیٰ کی اعلیٰ ظرفی اور ہندو انتہا پسندوں کا ردعمل

بھارت کی ریاست اتر پردیش کے وزیراعلیٰ یوگی آدتیہ ناتھ کی جانب سے اپنی ریاست کے لوگوں کو حضرت علی علیہ السلام اور ہندوؤں کے دیوتا ہنومان جینتی کے یوم ولادت کی مبارک باد پر ملا جلا ردعمل سامنے آیا جبکہ بعض انتہاپسندوں کی جانب سے انہیں تنقید کا بھی سامنا کرنا پڑا۔

خبر رساں ادارے تسنیم کے مطابق بھارت کی ریاست اتر پردیش کے وزیراعلیٰ یوگی آدتیہ ناتھ کی جانب سے اپنی ریاست کے لوگوں کو مولائے کائنات حضرت علی علیہ السلام اور ہندوؤں کے دیوتا ہنومان جینتی کے یوم ولادت کی مبارک باد دینے پر ملا جلا درعمل سامنے آیا ہے۔

یوگی نے منگل کو حضرت علی علیہ السلام کی ولادت باسعادت کی مبارک باد کا پیغام پہلے ٹویٹ کیا۔

سخت گیر ہندو کی ساکھ رکھنے والے یوگی کی جانب سے حضرت علی علیہ السلام کے یوم ولادت کی مبارک باد نے جہاں کچھ لوگوں کو چونکا دیا وہیں کئی لوگ ان کے اس رخ پر ان کا شکریہ بھی ادا کرتے نظر آئے۔

یوگی کے مبارک باد والے ٹویٹ پر ہزاروں کمنٹس آئے۔

نتن نشانت نے لکھا: یہی بدلتے انڈیا کی تصویر ہونی چاہیے۔ ہم ایک بنیں نیک بنیں! حضرت علی علیہ السلام کی سالگرہ اور ہنومان جینتی کی سب کو مبارک باد۔

جیتیندر چوبے نے یہ اقدام سراہتے ہوئے لکھا: وزیر اعلیٰ ہندو یا مسلمان نہیں ہوتا۔ وہ سارے صوبے کا وزیر اعلیٰ ہوتا ہے اور تمام مذاہب کا محافظ ہوتا ہے۔

یوگی کے ٹویٹ کے جواب میں طارق علی نے بھی اعلیٰ ظرفی کا مظاہرہ کرتے ہوئے لکھا: وزیر اعلیٰ یوگی جی اور تمام ہم وطنوں کو ہنومان جینتی کی مبارکباد۔

جبکہ ایک صارف نتھو رام نے لکھا: سیکولر انڈیا میں آپ کی جانب سے فرقہ وارانہ ہم آہنگی اور سارے مذہب کو ایک نظر سے دیکھنے کی مثال پیش کرنے کے لیے آپ کا صد ہا استقبال۔

طارق کی طرح ہی سلمان حیدر زیدی، امبر رضوی اور جنید احمد نے بھی یوگی کی ٹویٹ کے جواب میں ہنومان جینتی کے یوم پیدائش پر مبارکباد دیں۔

تاہم کچھ لوگوں کو یوگی کا یہ انداز پسند نہیں آیا۔

ویر یودھا یعنی بہادر جنگجو کے نام کے اکاؤنٹ سے مایوسی کا اظہار کرتے ہوئے لکھا گیا: آج آپ کو بھی سیکولر (انداز میں) مبارکباد دیتے ہوئے دیکھ کر مجھے یہ یقین ہو گیا ہے کہ اقتدار ملتے ہی بڑے سے بڑا سخت گیر نظریات والا ہندو بھی سیکولر بن جاتا ہے۔

پردیپ کمار نے ٹویٹ کیا: سر یہ تو کچھ زیادہ ہو گیا، آج حامد انصاری سے ہنومان جینتی مبارکباد حاصل کیجیے۔

آر ایس شرما نے یوگی آدتیہ ناتھ کو یاد دلایا کہ آپ کے منہ سے جے شری رام اچھا لگتا ہے۔

انہوں نے ٹویٹ کیا: سر آپ سے اترپردیش (یوپی) کے عوام کو بہت زیادہ امیدیں ہیں۔ آپ جو تھے وہ یوپی کے عوام کو منظور ہے۔ آپ کے منہ سے جے شری رام اچھا لگتا ہے۔

اہم ترین دنیا خبریں
اہم ترین خبریں
خبرنگار افتخاری