"کوثر" تربیتی طیارے، "مہاجر6" ڈرون اور اینٹی شپ کروز میزائل "نصیر" کی رونمائی


"کوثر" تربیتی طیارے، "مہاجر6" ڈرون اور اینٹی شپ کروز میزائل "نصیر" کی رونمائی

اسلامی جمہوریہ ایران نے کوثر نامی تربیتی طیارے، مہاجر 6 نامی ڈرون، نصیر نامی اینٹی شپ کروز میزائل اور فکور نامی ہوا سے ہوا میں مارک کرنے والے میزائل کی رونمائی کی۔

خبر رساں ادارے تسنیم کے مطابق شمسی سال کے پہلے ہی مہینے میں صدر ڈاکٹر حسن روحانی کی موجودگی میں وزارت دفاع سے وابستہ پنھا کمپنی نے وزارت کے گزشتہ دو سالہ کارکردگی، کوثر نامی تربیتی طیارہ، مہاجر6 نامی ڈرون، جدیدترین اینٹی شپ کروز میزائل نصیر اور ہوا سے ہوا میں مار کرنے والے فکور میزائل کی رونمائی کی۔

صدر حسن روحانی کے ہمراہ تقریب میں شریک وزیر دفاع سردار دہقان کا کہنا تھا کہ خداوند متعال کے فضل و کرم سے ملک کے انقلابی اور ذمہ دار دانشمندوں نے ہزارہا مشکلات اور پابندیوں کے باوجود پہلا تربیتی طیارہ بنانے میں کامیابی حاصل کر لی ہے اور یہ طیارہ اڑان بھرنے کیلئے آمادہ ہے۔

انھوں نے کہا کہ یہ طیارہ ایران کی فضائیہ کی مانگ پر بنا کسی بیرونی امداد کے بنایا گیا ہے۔

یہ طیارہ تازہ تربیت یافتہ پائلٹس کو ٹریننگ دینے کے ساتھ ساتھ، متوسط درجے کے فوجی آپریشن میں اسلحوں کی حمل و نقل میں بھی معاون ثابت ہوگا جلد ہی ضروری تجربات کے بعد یہ طیارہ فضائیہ کے سپرد کر دیا جائے گا۔

ایرانی وزیر دفاع کے مطابق یہ طیارہ مکمل طور پر ایران کی تخلیق ہے اس طیارے کی ساخت کے بعد ایران گنتی کے ان چند ممالک میں شامل ہو گیا ہے جن کے پاس اعلیٰ پیمانے کے جنگی طیارے بنانے کی قوت و تکنیک موجود ہے۔

انہوں نے کہا کہ اس طیارے کا حصول رہبرمعظم انقلاب امام خامنہ ای کی تاکید کردہ امر کہ "غیر ممالک پر عدم انحصار، خود کفیلی اور روزگار اور پیداوار کے مواقع فراہم کرنا مزاحمتی اقتصاد کہلاتا ہے۔"

سردار دہقان نے مہاجر 6 نامی ڈرون کے متعلق کہا کہ یہ ڈرون ہدف کی شناخت، حفاظت، نیز حالات جنگ میں بلند پرواز کی وجہ سے فوج کے لئے بہت سازگار ہے۔ فوج اس ڈرون کی صلاحیتوں سے حفاظتی امور، ہدف کی تشخیص نیز انہیں آسانی سے نشانہ بنا سکتی ہے۔

انہوں نے کہا کہ مہاجر 6 کو ایسے بنایا گیا ہے کہ اس میں حالات و مختلف اوضاع کے مد نظر تبدیلی اور ارتقائی مراحل کا امکان موجود ہے۔

تمام ممکنہ حالات میں اپنی ماموریت کی مکمل تصویری رپورٹ نیز چھوٹے سے رن وے سے پرواز اور لینڈ کرنے کی خصوصیت اسے دیگر ڈرون طیاروں سے امتیاز بخشتی ہے نیز اسے صف اول کے ڈرون میں شمار کرتی ہے۔

انہوں نے قوت مدافعت میں روز افزون ترقی اور اضافے کی ضرورت پر زور دیا اور وزارت دفاع کی اسٹریٹجک صلاحیتوں کی طرف اشارہ کرتے ہوئے کہا کہ زمین سے زمین پر مار کرنے والا کروز میزائل نصیر زمین اور دریا سے دشمن کی کشتی اور بیڑوں کو آسانی سے نشانہ بنا سکتا ہے۔

انہوں نے ایرانی سائنسدانوں کی ستائش کرتے ہوئے کہا کہ کروز میزائل نصیر، کم اوںچائی پر پرواز، دقیق، تیر بہ ہدف، دشمن کے راڈار سسٹم کیلئے ناقابل گرفت نیز تیز رفتار کشتی سے داغے جانے کی صلاحیت کی حامل ہے، جلد ہی اس کو نیوی کے حوالے کر دیا جائے گا۔

انہوں نے فکور کے بارے میں کہا کہ یہ ہوا سے ہوا میں مار کرنے والا ملک کی پہلا میزائل ہے جسے جنگی طیاروں میں نصب کرنے کے بعد ملک کی فضائی خطرات کا بخوبی سامنا کر سکتا ہے۔

انہوں نے جنگی طیارہ قاہر313 کے بارے میں تفصیلات بیان کرتے ہوئے کہا کہ یہ طیارہ بھی مکمل طور پر ایرانی ساخت کا ہے جسے ملک کے قابل انقلابی نوجوان سائنسدانوں نے بنایا ہے اس کا پہلا نمونہ چار سال قبل 1392 شمسی میں منظر عام پر آیا تھا۔

مختصر سے رن وے سے پرواز اور لینڈ کرنا، اسلحوں کی نقل و انتقال، اضافی ایندھن ذخیرہ کرنا، کم بلندی پر پرواز، حالات کے مد نظر ضروری تبدیلی و ارتقاء، سرحدی علاقوں میں گشت اور محافظت اس جنگی طیارہ کی اہم خصوصیات ہیں۔

گزشتہ سال اس طیارے سے متعلق تمام ضروری امور اپنے انجام کو پہنچ چکے تھے اور آج صدر حسن روحانی کی موجودگی میں تجرباتی مراحل سے بھی گزر چکا ہے۔

سردار دہقان نے فوج کو 20 ہیلی کاپٹر کی سپردگی پر کہا کہ پنھا کمپنی کے قابل افتخار انجینئرز نے جہادی لگن اور حوصلے کے ساتھ بین الاقوامی معیار کے ہیلی کاپٹرز بنانے میں نمایاں کامیابی حاصل کی ہے اس معاملے میں ملک خود کفیل ہو گیا ہے ہم اپنے دانشمندوں کی کارکردگی کو عالمی بازار میں پیش کرنے کیلئے آمادہ ہیں۔

وزیر دفاع نے مزید کہا: "ان کے ماہرین، انجینئرز، نیز دیگر ذمہ دار افسران و کارکنوں نے "ہم کر سکتے ہیں" کے نعرے کو پورا کر کے دکھا دیا ہے۔

انہوں نے تینوں افواج کے سربراہوں کو اس کارکردگی پر مبارکباد دیتے ہوئے اس پروجیکٹ میں شامل تمام افراد کا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ جدید تکنیک اور ٹیکنالوجی کے حصول کیلئے وزارت دفاع کی کاوشیں جاری ہیں اور انشاللہ روزبروز ترقی کے مراحل طے کرتے رہیں گے۔

انہوں نے کہا کہ اس نمائش میں بہت سی چیزوں کو صدر کے حضور پیش کیا گیا جو مناسب وقت میں عوام اور میڈیا کے سامنے لائے جائیں گے۔

اہم ترین ایران خبریں
اہم ترین خبریں
خبرنگار افتخاری