افغان سیکورٹی فورسز 8 ماہ سے طالبان کے محاصرے میں


افغان سیکورٹی فورسز 8 ماہ سے طالبان کے محاصرے میں

ارزگان صوبائی کونسل کے ایک رہنما کا کہنا ہے کہ مہرآباد نامی علاقے میں افغان سیکورٹی فورسز گزشتہ 8 ماہ سے طالبان کے محاصرے میں ہیں۔

خبر رساں ادارے تسنیم کے مطابق وسطی افغانستان کے صوبہ ارزگان کے کونسل کے چیئرمین کا کہنا ہے کہ کہ مہرآباد نامی علاقے میں افغان سیکورٹی فورسز طالبان کے محاصرے میں ہیں۔

رپورٹ کے مطابق مہرآباد میں افغان فوج کی ایک بٹالین موجود ہے تاہم طالبان کے محاصرے کی وجہ سے ان تک کسی قسم کا ساز وسامان پہنچانا مشکل ہوگیا ہے۔

مقامی ذرائع سے معلوم ہوا ہے کہ افغان طالبان نے علاقائی عمائدین کے ذریعے افغان فوج کو پیغام دیا ہے کہ ہتھیار ڈال کر طالبان کی صفوں میں شامل ہوجائیں۔

محاصرے میں موجود افغان فوجیوں کی حالت ناگفتہ بہ ہے وہ کسی بھی وقت طالبان کے سامنے ہتھیار ڈال سکتے ہیں۔

یاد رہے کہ اس سے قبل خرما نامی علاقے میں طالبان نے افغان فوج کو کئی مہینوں تک محاصرہ کرنے کے بعد 17 اہلکاروں کو قتل کرکے فوجی ساز وسامان پر قبضہ کرلیا تھا۔

صوبائی کونسل کے سربراہ امیر محمد فارکزی نے خبردار کرتے ہوئے کہا ہے کہ اگر افغان حکومت نے فوری طور پر اقدامات نہیں کئے تو مہرآباد کیمپ میں موجود تمام فوجی جوان مارے جاسکتے ہیں۔

امیر محمد کا کہنا ہے حکومت کی غفلت کی وجہ سے ارزگان صوبے کے کئی فوجی اڈوں پر طالبان نے قبضہ کرلیا ہے۔

سیاسی ماہرین کے مطابق افغان طالبان کی طرف سے سیکورٹی اداروں کو لاحق خطرات میں اضافہ ہوتا جارہا ہے اور اگر حکومت نے بروقت کارروائی نہ کی تو صوبے کے کئی علاقوں پر طالبان کا قبضہ ہوجائے گا۔

اہم ترین دنیا خبریں
اہم ترین خبریں
خبرنگار افتخاری