عورت کو نبی کریم نے انسانی حیثیت دے کر صاحب اختیار بنایا، ثاقب اکبر


عورت کو نبی کریم نے انسانی حیثیت دے کر صاحب اختیار بنایا، ثاقب اکبر

جدید اسلامی تہذیب اور عورت کے موضوع پر منعقدہ سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے شرکاء کا کہنا تھا کہ عورت کو اگر عزت، تحفظ اور محبت مل جائے تو وہ ہر کام کرسکتی ہے اور عورت کا وجود معاشرے کی تخلیق اور تعمیر کے لیے ضروری ہے۔

خبر رساں ادارے تسنیم کے مطابق عورت کو نبی کریم صلی اللہ علیہ و آلہ وسلم نے انسانی حیثیت دے کر صاحب اختیار بنایا جو وراثت کا حصہ بن جاتی تھی اسے وراثت کا حصہ دار بنایا، اپنی بیٹی فاطمہ زہرا سلام اللہ علیہا کی شادی کرنے کے لیے بھی خود ان سے اجازت طلب کی اس طرح سے ایک ایسی اسلامی تہذیب کی بنیاد رکھی جو ہمہ گیر بھی تھی اور ترقی یافتہ بھی۔

ان خیالات کا اظہار جدید اسلامی تہذیب اور عورت کے موضوع پر منعقدہ سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے علمی تحقیقاتی ادارے البصیرہ کے چیئرمین ثاقب اکبر نے کیا۔

یہ سیمینار ملک کے معروف علمی و تحقیقاتی ادارے البصیرہ کے شعبہ خواتین کے زیر اہتمام پریس کلب اسلام آباد میں منعقد ہوا۔ جس میں زندگی کے مختلف شعبوں اور جماعتوں سے تعلق رکھنے والی خواتین رہنماؤں نے شرکت کی۔

سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے اسلامی نظریاتی کونسل کی رکن ڈاکٹر سمیعہ راحیل قاضی نے کہا کہ عورتیں تہذیبی عمارت کا ستون ہوتی ہیں، اسلام نے عورت کو معتبر جانا ہے۔

انہوں نے کہا کہ عورت کو اگر عزت، تحفظ اور محبت مل جائے تو وہ ہر کام کرسکتی ہے اور عورت کا وجود معاشرے کی تخلیق اور تعمیر کے لیے ضروری ہے۔

سابق ایم این اے محترمہ بلقیس سیف نے سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ اسلام ہمیشہ جدید رہا ہے جبکہ مغربی تہذیب نے آزادی کے نام پر عورت کو غلام بنایا ہے انہوں نے کہا کہ عورت کی اعلی تعلیم معاشرے کو اعلی بنا سکتی ہے۔

سیمینار سے مدرسہ خدیجۃ الکبری کی پرنسپل محترمہ وجیہہ زہرا نقوی ، الدعوۃ اکادمی کی استاد ڈاکٹر شگفتہ عمر، الکوثر کالج کی مہتمم محترمہ زکیہ نجفی، جمیعت علمائے پاکستان کی راہنما محترمہ بشری اقبال ، تحریک جوانان پاکستان کی راہنما محترمہ آصفہ ہاشمی، محترمہ ڈاکٹر شائستہ درانی، پازیٹو پاکستان کی محترمہ اقرا سعید عباسی اور دیگر نے خطاب کیا۔

اجلاس میں البصیرہ شعبہ خواتین کی سیکرٹری محترمہ سیدہ ہما مرتضی کی والدہ کی اچانک وفات پر تعزیت پیش کرتے ہوئے دعائے مغفرت کی گئی ۔ سیمینار کی نظامت معروف سکالر محترمہ نرجس خاتون نے کی اور ان کی معاونت محترمہ مریم فاطمہ نے کی۔ سیمینار کا اعلامیہ البصیرہ کی راہنما سیدہ ندا حیدر نے پڑھ کر سنایا اور حاضرین سے اس کی منظوری لی۔

اہم ترین پاکستان خبریں
اہم ترین خبریں
خبرنگار افتخاری