امریکی مصنوعات خریدو، امریکیوں کو نوکری دو/ واشنگٹن کا ویزہ پروگرام سے متعلق نیا حکم نامہ


امریکی مصنوعات خریدو، امریکیوں کو نوکری دو/ واشنگٹن کا ویزہ پروگرام سے متعلق نیا حکم نامہ

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ملازمتوں میں غیر ملکی افراد کو موقع دینے کے ویزا پروگرام پر نظر ثانی کے ایگزیکٹو آرڈر پر دستخط کر دیئے ہیں۔

خبر رساں ادارے تسنیم کے مطابق امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے غیر ملکی ملازمین کے ویزا پروگرام سے متعلق نیا ایگزیکٹو آرڈر جاری کیا ہے جس کے تحت امریکی مصنوعات کی خریداری اور امریکیوں کو ملازمتوں میں ترجیح دینےکی پالیسی وضع کی جائے گی۔

بائے امریکن ہائر امریکن (امریکی مصنوعات خریدو امریکیوں کو نوکری دو)، کے عنوان سے موسوم اس ایگزیکٹو آرڈر میں وفاقی اداروں کو ملازمتوں میں غیرملکی افراد کو موقع دینے کے ایچ ون بی ویزا پروگرام پر نظرثانی کرنے، اس میں مزید بہتری لانے اور امیگریشن نظام کی خامیوں کو دور کرنے پر زور دیا گیا ہے۔

نئے ایگزیکٹو آرڈر میں امریکی مصنوعات کی خریداری اور امریکیوں کو ملازمتوں میں ترجیح دینےکی پالیسی وضع کرنے کی ہدایت بھی کی گئی ہے۔

حکم نامے میں یہ بھی کہا گیا ہے کہ ایسے اقدامات یقینی بنائے جائیں کہ ایچ ون بی ویزا سب سے زیادہ کارکردگی یا سب سے زیادہ قابل شخص کو ہی مل سکے۔

واضح رہے کہ ایچ ون بی ویزے ان غیرملکیوں کو دیے جاتے ہیں جو تعلیم، سائنس، انجنیئرنگ یا کمپیوٹر پروگرامنگ میں مہارت کے حامل ہوتے ہیں۔

یاد رہے کہ امریکی حکومت ہر سال 65 ہزار ویزے لاٹری پروگرام کے تحت جاری کرتی ہے اور مزید 20 ہزار ویزے ان طالب علموں کو دیے جاتے ہیں جن کے پاس گریجوایٹ ڈگری ہوتی ہے۔

اہم ترین دنیا خبریں
اہم ترین خبریں
خبرنگار افتخاری