برطانوی وزیراعظم کا قبل از وقت انتخابات کروانے کا اعلان


برطانوی وزیراعظم کا قبل از وقت انتخابات کروانے کا اعلان

برطانوی وزیراعظم تھریسامے نے ملک میں رواں برس قبل از وقت 8 جون کو عام انتخابات کرانے کا اعلان کردیا۔

خبر رساں ادارے تسنیم کے مطابق برطانوی وزیراعظم تھریسامے نے ملک میں رواں برس قبل از وقت 8 جون کو عام انتخابات کرانے کا اعلان کیا ہے جس کی حتمی منظوری برطانوی پارلیمنٹ دے گی اور اس سلسلے میں آج 19 اپریل کو پارلیمنٹ میں ووٹنگ ہو گی۔

واضح رہے کہ تھریسامے کو قبل از وقت انتخابات کرانے کے لیے دو تہائی اکثریت درکار ہو گی۔

دوسری جانب حزب اختلاف سے تعلق رکھنے والے لیبر پارٹی کے رہنما جیریمی کوربن نے تھریسامے کی جانب سے قبل از وقت انتخابات کے اعلان کو خوش آئند قرار دیتے ہوئے اس فیصلے کی حمایت کا اعلان کیا ہے۔

رائے عامہ کے نتائج اس بات کا اشارہ دے رہے ہیں کہ تھریسامے کو واضح برتری حاصل ہو گی۔

ڈاؤننگ اسٹریٹ میں واقع وزیراعظم ہاؤس کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے تھریسامے نے کہا کہ وہ 2020 کے بجائے رواں برس انتخابات کے انعقاد کے حوالے سے پارلیمنٹ سے بات کرنے میں ہچکچاہٹ کا شکار تھیں تاہم اب انہوں نے فیصلہ کر لیا ہے کہ یورپی یونین سے مذکرات کا سلسلہ آگے بڑھانے کے لیے انہیں حکمراں کنزرویٹو پارٹی کے لیے دوبارہ حمایت حاصل کرنے کی ضرورت ہے۔

ان کا کہنا ہے کہ سیاسی جماعتوں اور پارلیمنٹ کے ایوان بالا کے ارکان نے ریفرنڈم میں برطانوی ووٹروں کی اکثریت کی حمایت کے باوجود برطانیہ کی یورپی یونین سے علیحدگی پر پیشرفت کی راہ میں مشکلات پیدا کرنے کی ٹھان رکھی ہے اور جب تک عام انتخابات نہیں ہوتے وہ اپنا یہ کھیل جاری رکھیں گے۔

ان کا کہنا تھا کہ ملک میں غیر یقینی کے خاتمہ کیلئے انتخابات ناگزیر ہوچکے ہیں، ملک میں عام انتخابات 8 جون کو کرائے جائیں گے، یورپی یونین سے علیحدگی کے معاملے پر پارلیمنٹ منقسم ہے۔

دوسری جانب یورپی یونین کا کہنا ہے کہ بریگزٹ منصوبہ برطانیہ کے انتخابات کے اچانک اعلان کے باوجود تبدیل نہیں ہوگا۔

ایک بیان میں کونسل کی نمائندگی کرنے والے یورپی یونین کے رہنمائوں نے کہاکہ یورپی یونین کے دوسرے 27ممالک منصوبہ کے تحت آگے بڑھیں گے۔

اہم ترین دنیا خبریں
اہم ترین خبریں
خبرنگار افتخاری