شمالی کوریا کا ایک اور بیلسٹک میزائل تجربہ/ کیا ٹرمپ حملہ کرنے کی حماقت کرے گا؟


شمالی کوریا کا ایک اور بیلسٹک میزائل تجربہ/ کیا ٹرمپ حملہ کرنے کی حماقت کرے گا؟

اگر اب شمالی کوریا میزائل تجربہ کرے تو اس پر حملہ کر دیا جائے، صدر ٹرمپ کے امریکی فوج کو اس واضح حکم کے باوجود شمالی کوریا نے بیلسٹک میزائیل کا تجربہ کر دیا۔

خبر رساں ادارے تسنیم کے مطابق شمالی کوریا نے میزائل تجربہ دارالحکومت کے شمالی علاقے میں کیا۔

خیال رہے کہ یہ میزائل تجربہ ایسے وقت میں کیا گیا ہے جب امریکی صدر نے اپنی فوج کو چند روز قبل ہی واضح حکم دیا تھا کہ اگر اب شمالی کوریا میزائل تجربہ کرے تو اس پر حملہ کر دیا جائے۔

امریکہ پیسیفک کمان کے ایک ترجمان نے بتایا کہ ہفتہ کو شمالی کوریا ایک بیلسٹک میزائل کا تجربہ کیا ہے تاہم امریکی نیوی کے کمانڈر ڈیو بین ہیم نے بتایا کہ میزائل شمالی کوریا سے باہر نہیں گیا اور حدود کے اندر ہی گر کر تباہ ہوگیا۔

ایک امریکی اہلکار نے خبر ایجنسی کو بتایا کہ امریکی فوج کو میزائل تجربے کے بعد تشخیص کرتے ہوئے میزائل کے بنیادی حصے ملے، جو پک چینگ ہوائی اڈے سے 22میل کی دوری پر تھے۔

ادھر جنوبی کوریا کا بھی دعویٰ ہے کہ شمالی کوریا کا میزائل تجربہ ناکام ہوگیا ہے۔

وائٹ ہاؤس کا کہنا ہے کہ صدر ٹرمپ کو شمالی کوریا کی طرف سے کیے جانے والے بیلسٹک میزائل کے ایک تازہ ترین تجربے سے متعلق بریفنگ دی گئی ہے جو ہفتہ کو علی الصبح کیا گیا۔

پریس سیکرٹری کے دفتر سے جاری ہونے والے ایک مختصر بیان میں صرف یہ کہا گیا کہ ٹرمپ انتظامیہ اس سے آگاہ ہے۔

واضح رہے کہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ایک بار پھر خبردار کیا ہے کہ شمالی کوریا کے میزائل اور جوہری پروگرام کی وجہ سے اس کے ساتھ ایک بڑی جنگ چھڑ سکتی ہے۔

انہوں نے کہا کہ ان کی ترجیح اس تنازع کو سفارتی سطح پر حل کرنے کی ہے لیکن اس میں کامیابی ملنا بہت مشکل ہے۔

ٹرمپ نے اس سلسلے میں چینی صدر شی جن پنگ کی تعریف کی اور کہا کہ وہ شمالی کوریا پر دباؤ ڈالنے کے لیے پوری کوشش کر رہے ہیں۔

اہم ترین دنیا خبریں
اہم ترین خبریں
خبرنگار افتخاری