ایرانی سرحدی محافظین کی شہادت / صدر روحانی کا وزیراعظم نواز شریف کے نام خط


ایرانی سرحدی محافظین کی شہادت / صدر روحانی کا وزیراعظم نواز شریف کے نام خط

ایران کے صدر حسن روحانی نے وزیراعظم پاکستان میاں محمد نواز شریف کو 3 روز قبل پاک ایران سرحد پر دہشتگردوں کے حملے پر احتجاجی خط لکھا ہے۔

خبر رساں ادارے تسنیم کے مطابق ایران کے صدر حسن روحانی نے پاکستان کے وزیراعظم نواز شریف کو پاک ایران سرحد پر دہشتگردوں کے حملے کے نتیجے میں 10 ایرانی سرحدی محافظین کے شہید ہونے پر ایک احتجاجی خط ارسال کیا ہے۔

صدر حسن روحانی نے پاکستانی وزیراعظم کو تحریر کئے گئے خط میں لکھا ہے کہ ہم توقع رکھتے ہیں کہ اس دہشت گرد حملے کے ذمہ داروں کو گرفتار کرکے سزا دی جائے گی۔

علاوہ ازیں گذشتہ روز ایرانی وزارت خارجہ نے پاکستانی سفیر کو بھی طلب کرکے احتجاج ریکارڈ کروایا تھا۔

ایرانی وزارت خارجہ کے ڈائریکٹر جنرل برائے امور مغربی ایشیا نے کہا تھا کہ ایران پاکستان سے توقع رکھتا ہے کہ وہ دہشتگردوں کی گرفتاری کے لئے سنجیدہ اور ٹھوس اقدامات کرے گا تاکہ مستقبل میں ایسے واقعات پیش نہ آسکیں۔

دوسری جانب وزیراعظم نواز شریف نے اس افسوسناک واقعے پر گہرے دکھ کا اظہار کیا ہے۔

اسی طرح وزیراعظم نوازشریف کے معاون خصوصی طارق فاطمی نے گذشتہ روز پاکستان میں ایرانی سفیر مہدی ہنر دوست سے ملاقات کی اور ایران کے سرحدی محافظین کی شہادت پر رنج و غم کا اظہار کیا اور برادر ہمسایہ ملک ایران کے لئے ہمدردی کا پیغام بھجوایا۔

یاد رہے کہ 3 روز قبل رات گئے ایران کے جنوب مشرقی صوبے سیستان و بلوچستان میں واقع پاک ایران مشترکہ سرحد کے قریب دہشتگردوں کے ساتھ جھڑپ میں 10 ایرانی سرحدی محافظ شہید ہوگئے تھے۔

دہشتگرد تکفیری گروہ جیش الظلم نے ایران بارڈر سیکورٹی پر مامور جوانوں پر حملے کی ذمہ داری قبول کی ہے۔

اہم ترین ایران خبریں
اہم ترین خبریں
خبرنگار افتخاری