10 ارب کے معاملے اور طرفین کی شعلہ بیانیوں سے زید حامد کے خدشے تک


10 ارب کے معاملے اور طرفین کی شعلہ بیانیوں سے زید حامد کے خدشے تک

پانامہ کیس پر خاموشی پر 10 ارب کی پیشکش کے عمران خان کے دعوے کے بعد جہاں پی ٹی آئی اور حکومتی نمائندوں میں لفظی جنگ چھڑ گئی وہیں زید حامد نے ایک خوفناک خدشے کا اظہار کیا ہے کہ "عمران خان کو قتل کروایا جا سکتا ہے۔"

خبر رساں ادارے تسنیم کے مطابق پامانا کیس کے فیصلے کے بعد پی ٹی آئی کے چئیرمین عمران خان نے ایک ایسا دعوی کیا کہ جس سے ملکی سیاست میں ایک بھونچال آگیا۔

عمران خان کا کہنا تھا کہ حکومت کی جانب سے ان کو پاناما کیس میں خاموش رہنے کے لئے 10 ارب روپے کی پیشکش کی گئی۔

خان صاحب کے اس بیان پر حکومتی نمائندوں نے سخت ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے اس الزام کو مکمل طور پر رد کیا اور وزیر اطلاعات مریم اورنگزیب نے عمران خان کو چیلنج کرتے ہوئے کہا کہ اگر ان میں اخلاقی جرات ہے تو وہ اس شخص کا نام بتائیں جس نے انکو یہ پیشکش کی۔

صوبائی وزیر قانون پنجاب رانا ثناللہ نے عمران خان کو آڑے ہاتھوں لیتے ہوئے کہا کہ ان کو 10 ارب تو کیا 10 روپے بھی نہیں دیئے جا سکتے۔

وزیراعظم محمد نوازشریف کے ترجمان ڈاکٹر مصدق ملک نے کہا کہ حکومت کی جانب سے پاناما کیس میں خاموش رہنے کیلئے 10 ارب روپے کی پیشکش سے متعلق عمران خان کے وزیراعظم پر لگائے گئے الزامات جھوٹ کا پلندہ ہیں۔

ڈاکٹر مصدق ملک نے کہا کہ عمران خان کو بے بنیاد الزامات لگانے کی لت لگ گئی ہے۔

انہوں نے کیچڑ کی بالٹی بھر کے اپنے پاس رکھی ہے، کسی کی بھی ذات پر یا ماں بہن پر کیچڑ ڈالنا ان کا وطیرہ بن چکا ہے۔

انہوں نے کہا کہ عمران خان نے بغیر ثبوت کے وزیراعظم پر 10ارب روپے کی آفر کے الزامات لگائے ہیں۔

الزام تراشی کی عادت ان کی پرانی ہو چکی ہے مگر اس بار انہیں کوئی رعایت نہیں ملے گی، وہ ان الزامات پر ثبوت پیش کریں ورنہ ہم ان کے خلاف ہر ممکن قانونی چارہ جوئی کریں گے۔

دوسری جانب وزیراعظم نواز شریف کی صاحبزادی مریم نواز نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر عمران خان کے 10ارب کے بیان پر ایک لفظ میں ردعمل کااظہار کرتے ہوئے ان کے بیان کی تردید کر دی اور عمران خان کے متعلق ایک لفظ ” جھوٹا“ لکھ دیا۔

وزیراعلیٰ پنجا ب میاں شہباز شریف نے عمران خان کے رقم کی پیشکش کے الزام پر ہر صورت عدالت جانے کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ ”میں عدالت جاؤں گا اور ضرور جاؤں گا،اگر خدانخواستہ میرے خلاف فیصلہ آیا تو اگلا الیکشن تو کیا سیاست چھوڑ دوں گا اور قوم سے معافی مانگ لوں گا، لیکن اگر نیازی صاحب آپ کے خلاف فیصلہ آیا تو آپ کو قیادت چھوڑنے کے لئے نہیں کہوں گا بلکہ آپ کو جھوٹوں کے آئی جی کا خطاب دوں گا“۔

عمران خان نے اپنے بیان میں کہا کہ  شریف برادران عدالت شوق سے جائیں، دس ارب کی پیشکش کرنے والے کا نام وہیں بتاؤں گا۔ رشتے داروں کے نام بھی آئیں گے۔

ملک کے موسم کی طرح ابھی سیاسی موسم کا درجہ حرارت زیادہ ہی چل رہا تھا کہ معروف دفاعی اور سکیورٹی تجزیہ کار زید حامد کے ایک انکشاف نے لوگوں کو چونکا دیا۔

زید حامد نے کہا ہے کہ عمرا ن خان کو اپنی سکیورٹی میں اضافہ کر لینا چاہئیے کیونکہ بطور دفاعی اور سکیورٹی تجزیہ کار مجھے ایسا محسوس ہوتا ہے کہ اب یہ عمرا ن خان کو ٹارگٹ کریں گے اور عمران خان کو قتل کروایا جا سکتا ہے۔

اہم ترین پاکستان خبریں
اہم ترین خبریں
خبرنگار افتخاری