نواز شریف کا چاروں وزراء اعلیٰ اور مشیرخارجہ سمیت دورہ چین


نواز شریف کا چاروں وزراء اعلیٰ اور مشیرخارجہ سمیت دورہ چین

وزیراعظم محمد نواز شریف چینی صدر کی دعوت پر آج چاروں وزراء اعلیٰ اور مشیرخارجہ کے ہمراہ 6روزہ دورے پر چین روانہ ہوں گے۔

خبررساں ادارے تسنیم کے مطابق وزیراعظم پاکستان آج 6روزہ دورے پر چین روانہ ہوں گے۔

ان کے ہمراہ وزیر اعلی پنجاب شہباز شریف، وزیر اعلی خیبر پختونخوا پرویز خٹک، وزیراعلی سندھ سید مراد علی شاہ اور بلوچستان کے وزیر اعلی ثناءاللہ زہری ہوں گے۔

جبکہ مشیر خارجہ سرتاج عزیز بھی وفد کے ہمراہ ہونگے۔

وزیر اعظم نوازشریف کے دورہ حکومت میں یہ پہلا موقع ہے کہ چین کے دورے پر انکے ہمراہ چاروں صوبوں کے وزراء اعلیٰ بھی جا رہے ہیں۔

اس دورے کے دوران نواز شریف چین کے صدر اور اعلیٰ حکام سے ملاقاتیں بھی کریں گے۔

وزیراعظم وزرائے اعلی کے ہمراہ چین میں ہونے والی ون بیلٹ ون روڈ کانفرنس اوربین الاقوامی فورم میں شرکت کریں گے ۔

وزیراعظم 14 اور 15مئی کو بیلٹ اینڈ روڈ فورم برائے عالمی تعاون کے اجلاس میں شرکت کریں گے۔

خیال رہے کہ فورم میں 27 ممالک کے سربراہان مملکت شرکت کریں گے۔

فورم کا مقصد مساوی کا میابی کے اصول کے تحت مشترکہ ترقی کو فروغ دینا ہے۔ فورم میں لیڈروں کا راﺅنڈ ٹیبل اور اعلی سطحی ڈ ائیلاگ بھی ہو گا۔
نواز شریف ڈائیلاگ کے اجلاس اور راﺅنڈ ٹیبل سے خطاب کریں گے۔

ذرائع کے مطابق اجلاس کے اختتام پر ایک مشترکہ اعلامیہ جاری کیا جائے گا۔

نواز شریف چینی صدر اور وزیراعظم سے ملاقات کر کے دو طرفہ امور پر بات چیت کریں گے۔

اس موقع پر سی پیک سے متعلق کئی پراجیکٹس کے ایم او یوز اور معاہدوں پر دستخط کئے جانے کا بھی امکان ہے۔

خیال رہے کہ وزیراعظم نوازشریف اپنے دورے میں بیجنگ میں چینی سرمایہ کاروں سے ملاقات بھی کریں گے اور انہیں پاکستان میں سرمایہ کاری کے حوالے سے بریف کیا جائے گا ۔

یاد رہے کہ وزیراعظم کو دورے کی دعوت چین کے صدر شی جن پنگ نے دی تھی۔

علاوہ ازیں وزیراعظم ہانگ کانگ کا بھی دورہ کریں گے۔

اہم ترین پاکستان خبریں
اہم ترین خبریں
خبرنگار افتخاری