اقوام متحدہ کی بھارت کو سوشل میڈیا پر لگائی گئی پابندی فوری ختم کرنے کی تاکید


اقوام متحدہ کی بھارت کو سوشل میڈیا پر لگائی گئی پابندی فوری ختم کرنے کی تاکید

اقوام متحدہ کے نمائندوں برائے آزادی اظہار رائے اور انسانی حقوق نے مقبوضہ کشمیر میں موبائل انٹرنیٹ سروس اور سوشل میڈیا پر پابندی لگانے پر بھارتی حکومت کو شدید تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے مطالبہ کیا ہے کہ بھارتی حکومت سوشل میڈیا پر لگائی جانے والی پابندی کو فورا ختم کرے ۔

 

 

 

خبررساں ادارے تسنیم کے مطابق مقبوضہ کشمیر میں جاری تحریک آزادی کو روکنے کیلئے بھارت نے گزشتہ ماہ ایک نیا اوچھا ہتھکنڈہ آزمانے کی کوشش کی جس کے تحت وادی میں سوشل میڈیا کے استعمال پر پابندی عائد کر دی گئی۔

 خیال رہے کہ دنیا بھر کا میڈیا کشمیریوں پر ہونے والی ظلم وزیادتی سے صرف نظر کیے ہوئے ہے۔ ان کی آواز کو دنیا کے سامنے پہنچانے والا کوئی نہیں، اس لیے کشمیری نوجوانوں نے سوشل میڈیا کا سہارا لیا۔ بھارت کی کٹھ پتلی حکومت نے 17 اپریل کو مقبوضہ وادی میں سماجی رابطوں کی 22 بڑی ویب سائٹس جن میں فیس، بک، ٹویٹر، یو ٹیوب اور واٹس ایپ بھی شامل ہیں، پر پابندی عائد کر رکھی ہے۔

اقوام متحدہ کے خصوصی نمائندوں نے بھارتی حکومت پر زور دیا ہے کہ وہ مقبوضہ کشمیر میں موبائل انٹرنیٹ سروس اور سوشل میڈیا سائٹس پر لگائی گئی پابندی کو فوری ختم کریں۔

اقوام متحدہ کے خصوصی نمائندے برائے آزادی اظہار رائے اور خصوصی نمائندہ برائے انسانی حقوق نے جنیوا سے جاری بیان میں کہا ہے کہ سوشل میڈیا پر بھارتی حکومت کی پابندی کشمیریوں کو اجتماعی سزا دے رہی ہے جسے فی الفور ختم کیا جائے۔

 

واضح رہے کہ مقبوضہ کشمیر میں بھارتی حکومت نے22 سوشل میڈیا سائٹس پر پابندی لگا دی تھی۔

اس کے ساتھ ساتھ بھارتی حکومت نے پاکستان کی نشریات کو بھی مقبوضہ کشمیر میں بند کردیا ہے۔

اہم ترین پاکستان خبریں
اہم ترین خبریں
خبرنگار افتخاری