جنوبی کوریا کے نو منتخب صدر کو سلامی / شمالی کوریا کا نیا بیلسٹک میزائل تجربہ


جنوبی کوریا کے نو منتخب صدر کو سلامی / شمالی کوریا کا نیا بیلسٹک میزائل تجربہ

جنوبی کوریا کے نو منتخب صدر کی کامیابی کا جشن ابھی تھما نہ تھا کہ شمالی کوریا نے نیا بیلسٹک میزائل تجربہ کر ڈالا۔

خبر رساں ادارے تسنیم کے مطابق جنوبی کوریا کے نو منتخب صدر مون جے اِن کو صدارت سنبھالے ابھی 4 روز نہ گزرے تھے کہ شمالی کوریا نے امریکی پابندیوں اور دھمکیوں کو خاطر میں نہ لاتے ہوئے ایک اور نئے بیلسٹک میزائل کا تجربہ کر دیا۔

جنوبی کوریا اور جاپان کے ذرائع ابلاغ کے مطابق میزائل پیانگ یانگ کے شمال مغرب میں واقع علاقے Kusongg سے چھوڑا گیا۔

اس نے 30منٹ پرواز کی اور سات سوکلومیٹر سفر طے کرنے کے بعد شمالی کوریا کے مشرقی ساحل اور جاپان کے درمیان سمندر میں گر گیا۔

جاپان نے میزائل تجربے کے خلاف سخت احتجاج کرتے ہوئے کہاہے کہ یہ تجربہ اقوام متحدہ کی قراردادوں کی خلاف ورزی ہے۔

تجربے کے جواب میں جنوبی کوریا کے نو منتخب صدر مون جے اِن نے بھی آج قومی سلامتی کونسل کا ہنگامی اجلاس طلب کیا ہے۔

خیال رہے کہ شمالی کوریا نے حالیہ مہینوں میں کئی بار میزائل کے تجربات کیے ہیں اور چھٹا جوہری تجربہ کرنے کی بھی دھمکی دے رکھی ہے۔

حالیہ ہفتوں کے دوران شمالی کوریا اور امریکہ کے درمیان شدید بیان بازی کے بعد کوریائی جزیرہ نما میں کشیدگی میں اضافہ ہوا ہے۔

واضح رہے کہ امریکہ نے شمالی کوریا پر گذشتہ سال مزید پابندیاں عائد کی تھیں۔

یہ پابندیاں شمالی کوریا کی جانب سے چھ جنوری 2016 کو کیے گئے جوہری تجربے اور سات فروری کے سیٹلائٹ لانچ کے بعد عائد کی گئی تھیں۔

اہم ترین دنیا خبریں
اہم ترین خبریں
خبرنگار افتخاری