کیا ایف بی آئی کے سابق سربراہ ٹرمپ کے روس کیساتھ تعلقات کا بھانڈا پھوڑ دینگے؟


کیا ایف بی آئی کے سابق سربراہ ٹرمپ کے روس کیساتھ تعلقات کا بھانڈا پھوڑ دینگے؟

موصولہ اطلاعات کے مطابق ٹرمپ کے ذریعے عہدے سے معزول کئے گئے ایف بی آئی کے سابق سربراہ کے بارے میں امکان ظاہر کیا جارہا ہے کہ وہ سینیٹ کی انٹیلی جنس کمیٹی کے سامنے روس اور ٹرمپ کے درمیان ممکنہ تعلقات کا بھانڈا پھوڑ دیںگے۔

خبر رساں ادارہ تسنیم کے مطابق ٹرمپ کے ذریعے اپنے منصب سے معزول کئے گئے ایف بی آئی کے سابق سربراہ جیمز کومی نے اپنے اچانک معزول ہونے پر ابھی تک کسی رد عمل کا اظہار نہیں کیا ہے تاہم اس بات ک امکان ظاہر کیا جارہا ہے کہ وہ مجمع عام میں سینیٹ کی انٹیلی جنس ونگ کے سامنے حاضر ہوکر ٹرمپ کی انتخابی مہم کمیٹی اور روس کے مابین پائے جانے والے ممکنہ روابط کے راز کو فاش کریں گے۔

ایف بی آئی کے ساتویں سربراہ کومی نے اس سے پہلے سینیٹ کی انٹیلی جنس کمیٹی کی دعوت کو مسترد کر دیا تھا کیوںکہ یہ گفتگو بند دروازوں کے پیچھے ہونی تھی۔

لیکن کومی کے ایک قریبی ساتھی کا کہنا ہے کہ اگر اس سلسلے میں ہونے والی گفتگو عوام کے سامنے لائی جاتی ہے تو وہ سینیٹ کے سامنے حاضر ہونے کو تیار ہیں۔

حالانکہ بعض خبریں موصول ہو رہی ہیں کہ ٹرمپ اور کومی کے درمیان خفیہ میٹنگ ہوئی ہے جس میں ٹرمپ نے کومی کی وفاداری حاصل کرنے کی کوشش کی ہے لیکن اسی دوران ٹرمپ نے کومی کو ہوشیار کرتے ہوئے ٹوئیٹ کیا ہے کہ میڈیا کیلئے کوئی خبر دینے سے پہلے کومی اچھی طرح جان لیں کہ وائٹ ہاوس میں ان کی گفتگو کا کوئی ثبوت موجود نہیں ہے۔

سی این این نے کومی کے ایک قریبی ساتھی کے حوالے سے لکھا ہے کہ ایف بی آئی کے سابق سربراہ کو اس بات کی کوئی فکر نہیں کہ ٹرمپ اور ان کے درمیان ہونے والی کسی گفتگو کا کوئی ریکارڈ موجود ہے یا نہیں۔

دوسری طرف این بی سی نے لکھا ہے کہ کومی کو امید ہے کہ ان کے اور ٹرمپ کے درمیان ہونے والی گفتگو کے ریکارڈ موجود ہونگے۔

امریکی میڈیا کے مطابق کومی کی معزولی کا سبب یہ ہے کہ وہ ٹرمپ کی انتخابی مہم کا روس کے ساتھ مشتبہ تعلقات کی نگرانی کر رہے تھے لیکن وائٹ ہاوس گذشتہ چند روز سے ہی کومی کی معزولی کے مختلف جواز پیش کرتا رہا ہے۔

یہ متضاد بیانات اس بات کا سبب بنے کہ ٹرمپ نے مجبور ہوکر دھمکی دی کہ وہ وائٹ ہاوس کی اپنی ساری پریس کانفرنسز کو رد کر دیں گے۔

واضح رہے کہ کومی کی معزولی کے بعد اینڈریو میک کیب کو ایف بی آئی کا نگران سربراہ مقرر کیا گیا ہے۔

اہم ترین دنیا خبریں
اہم ترین خبریں
خبرنگار افتخاری