پاکستان ویسٹ انڈیز میں پہلی بار ٹیسٹ سیریز کا فاتح


پاکستان ویسٹ انڈیز میں پہلی بار ٹیسٹ سیریز کا فاتح

پاکستان اور ویسٹ انڈیز کے مابین کھیلے گئے تیسرے ٹیسٹ میچ میں مصباح الیون نے تاریخ رقم کردی، ڈومینیکا ٹیسٹ 101 رنز سے جیت کر پہلی بار ویسٹ انڈین سرزمین پر سیریز اپنے نام کرلی۔

تسنیم نیوز ایجنسی کے مطابق پاکستان نے ڈومینکا ٹیسٹ جیت کر نئی تاریخ رقم کردی۔

یونس خان اور مصباح الحق کے کیریئر کا شاندار اختتام ہوا، کپتان مصباح الحق اور یونس خان کے کیریئر میں ایک اور کامیاب باب رقم کردیا گیا۔

ویسٹ انڈیز کو اسی کے گھر ہرانے کا خواب 65 سال بعد پورا ہو گیا۔ پاکستان نے ویسٹ انڈیز کی سرزمین پر پہلی بار ٹیسٹ سیریز جیت لی۔

تیسرے ٹیسٹ میں ویسٹ انڈیز کو 101 رنز سے شکست دیکر پاکستان نے ڈومنیکا ٹیسٹ اور سیریز اپنے نام کر لی۔

پاکستان نے تین ٹیسٹ میچوں کی سیریز 1-2 سے اپنے نام کی۔ تیسرے ٹیسٹ کے پانچویں روز ویسٹ انڈیز نے ایک وکٹ پر سات رنز سے دوسری اننگز کا آغاز کیا۔

کریگ بریتھویٹ 6 رنز بنا کر یاسر شاہ کا نشانہ بنے۔ شمرون ہٹمائر کو 25 رنز پر محمد عامر نے بولڈ کیا۔ شائی ہوپ سترہ رنز بنا کر حسن علی کی گیند پر ایل بی ڈبلیو ہوئے۔ وشال سنگھ کو یاسر شاہ نے دو رنز پر چلتا کیا۔ شین ڈاؤرچ کی اننگز بھی دو رنز تک محدود رہی۔ انہیں یاسر شاہ نے بابر اعظم کے ہاتھوں کیچ آؤٹ کرایا۔ کپتان جیسن ہولڈر ایک سو اکیاون کے مجموعی اسکور پر 22 رنز بنا کر حسن علی کی گیند پر ایل بی ڈبلیو ہو گئے۔ روسٹن چیز نے 101 رنز کی شاندار اننگز کھیلی۔

ویسٹ انڈیز کی پوری ٹیم 304 رنز کے ہدف کا تعاقب کرتے 202 رنز بنا کر آؤٹ ہو گئی۔

یاسر شاہ نے 5، حسن علی نے 3 جبکہ محمد عامر اور محمد عباس نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔

میچ میں میزبان ٹیم کی جانب سے سیریز ہارنے سے بچنے کے لیے بھرپور مزاحمت کی گئی۔ میچ کے آخری لمحات میں قومی ٹیم کو کامیابی میچ ختم ہونے سے ایک اوور پہلے ملی، جب یاسر شاہ نے شینن گیبریئل کو بولڈ کردیا۔

یونس خان اور مصباح الحق کا کرکٹ کو شاندار الوداع دیتے ہوئے کھلاڑیوں نے مصباح اور یونس کو کندھوں پر اٹھا لیا۔

مصباح الحق پاکستان کو 11 سیریز جتوا کر ایشیا کے کامیاب ترین کپتان بن گئے۔

سیریز کے اختتام پر پاکستان ٹیم گرائونڈ میں سیریز کی ٹرافی دی گئی، جس کے ساتھ تمام کھلاڑیوں نے گروپ فوٹو بنوایا۔

یاسر شاہ کو مین آف دی سیریز کے ایوارڈ سے نوازا گیا۔ انہوں نے میچ کی دوسری اننگ میں گیاروہیں بار 5وکٹ لیں اور سیریز میں 25 وکٹیں حاصل کیں، جبکہ روسٹن چیز کو مین آف دی میچ قرار دیا گیا۔

اہم ترین پاکستان خبریں
اہم ترین خبریں
خبرنگار افتخاری