سیکورٹی کے کڑے انتظامات میں حضرت لعل شہباز قلندر کے تین روزہ عرس کا آغاز


سیکورٹی کے کڑے انتظامات میں حضرت لعل شہباز قلندر کے تین روزہ عرس کا آغاز

حضرت لعل شہباز قلندر کا سالانہ تین روزہ عرس آج سے سہون شریف میں شروع ہورہا ہے جبکہ اس سال مزار اور زائرین کی سیکورٹی کے لیے انتہائی سخت انتظامات کیے گئے ہیں۔

خبررساں ادارے تسنیم کے مطابق حضرت لعل شہباز قلندر کا سالانہ تین روزہ عرس آج سے سہون شریف میں شروع ہو رہا ہے۔

واضح رہے کہ اس سال مزار اور زائرین کی سیکورٹی کے لیے انتہائی سخت انتظامات کیے گئے ہیں۔ ملک بھر سے آنے والے زائرین کو درگاہ پر گولڈن گیٹ سے جانے کے لیے مختلف سیکورٹی مراحل سے گزرنا ہوگا۔

مرکزی گیٹ سے داخل ہونے کے بعد زائرین کو قطارلگا کر تلاشی دینے کے بعد پھر واک تھرو گیٹ سے گزرنا ہوگا۔

مزار کے اندر اور اطراف میں 100 سے زائد سی سی ٹی وی کیمرے نصب کیے گئے ہیں، اسی طرح کے انتظامات دھماکا چوک سے مزار کی طرف جانے والے راستوں پر بھی کیے گئے ہیں۔

پولیس حکام کا کہنا ہے کہ پورے سہون شہر کو انتہائی حساس قرار دے کر آٹھ سیکورٹی زون میں تقسیم کیا گیا ہے جبکہ شہر بھر میں پانچ ہزار سے زائد پولیس اہلکار تعینات کیے گئے ہیں۔

سیکورٹی صورت حال پر نظر رکھنے کے لیے دو مرکزی کنٹرول روم قائم کیے گئے ہیں جبکہ ڈرون کیمروں سے بھی زائرین کی نگرانی کی جائے گی۔

علاوہ ازیں وزیراعلیٰ سندھ کے مشیر اوقاف غلام شاہ جیلانی عرس کے تینوں دن سہون شریف میں موجود رہیں گے۔

آئی جی سندھ اے ڈی خواجہ نے پولیس کو جاری احکامات میں کہا ہے کہ لعل شہباز قلندر کے عرس کی تین روزہ تقریبات کے موقع پر صوبے بھر میں سیکیورٹی کے جملہ اقدامات پر عمل درآمد کو انتہائی مستعد اور الرٹ رہتے ہوئے یقینی بنایا جائے ۔

انہوں نے کہا کہ سانحہ سیہون کو پیش نظر رکھتے ہوئے لعل شہباز قلندر کے مزار اور اسکے اطراف کے علاقوں میں کڑی نگرانی، بم ڈسپوزل اسکواڈ سے سوئپنگ اور کلیئرنس سمیت انٹیلی جینس کلیکشن اور شیئرنگ اور بروقت فالو کرنے کے عمل کو ہرسطح پر انتہائی مربوط اور مؤثر بنایا جائے۔

انہوں نے کہا کہ مرتب کردہ غیرمعمولی سیکیورٹی پلان کی جملہ ترجیحات اور اسکے تحت مزار کے داخلی روٹ پرعرس کے شرکاء کی فزیکل سرچنگ کے عمل کو منتظمین کی جانب سے مقررکردہ رضاکاروں کے تعاون سے ممکن بنایا جائے جبکہ اس عمل کے دوران خواتین پولیس اہلکاروں کی خدمات کو بھی یقینی بنایا جائے ۔آئی جی سندھ نے کہا کہ سندھ کے تمام شہروں اور دیگر صوبوں سے عرس کی تقریبات میں زائرین وعقیدت مندوں کی ایک کثیرتعداد میں شرکت کو پیش نظر رکھتے ہوئے مزار کے اندرونی اور اطراف کے حصوں میں منتظمین کی مشاورت سے مجموعی سیکیورٹی امور کو غیرمعمولی بنایا جائے۔

واضح رہے کہ عرس کے موقع پر آج بروز پیر 15 مئی کو ضلعی سطح پر عام تعطیل کا اعلان کیا گیا ہے۔ اس روز ضلع بھر میں تمام سرکاری دفاتر اور اداروں میں عام تعطیل ہوگی۔

پیپلزپارٹی کی اعلیٰ قیادت اور وفاقی حکومت نے بھی سیکورٹی کے فول پروف انتظامات یقینی بنا نے کی ضرورت پر زور دیا ہے۔ پاکستان ریلوے نے عرس کے موقع پر زائرین کی سہولت کے لئے خصوصی ٹرینوں اور سہولتوں کا انتظام کیا ہے۔

یاد رہے کہ 3 ماہ قبل 16 فروری 2017 کو حضرت لعل شہباز قلندر کے مزار پر ہولناک دھماکہ ہوا تھا جس میں متعدد افراد شہید اور زخمی ہو گئے تھے۔

اہم ترین پاکستان خبریں
اہم ترین خبریں
خبرنگار افتخاری