مانچسٹر کے بعد مزید حملوں کا خدشہ ہے، برطانوی وزیراعظم


مانچسٹر کے بعد مزید حملوں کا خدشہ ہے، برطانوی وزیراعظم

برطانوی وزیراعظم تھریسامے نےکہا ہے کہ مانچسٹر میں دہشتگردی کے واقعے کے بعد مزید حملوں کا خدشہ ہے۔

خبررساں ادارے تسنیم کے مطابق برطانوی وزیراعظم تھریسامے نے مانچسٹر کے بعد مزید حملوں کے خدشہ کا اظہار کر دیا ہے۔

اس خدشے کے پیش نظر نہ صرف حساس مقامات پر پولیس کی جگہ فوج تعینات کی جائے گی بلکہ دہشت گردی کے خطرے کا لیول بھی بڑھا دیا گیا ہے۔

برطانوی وزیراعظم تھریسا مے نے کہا ہے کہ دہشت گردی کے خطرےکا لیول بڑھا کرسنگین سے نازک کر نے کا یہ فیصلہ نئی تحقیقات کی روشنی میں کیا گیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ پولیس کی جانب سے مسلح افواج کی مدد کی درخواست وزیر دفاع نے منظور کرلی لہذا کانسرٹس، میچز اور دیگر عوامی ایونٹس پر پولیس کی جگہ فوج تعینات کی جائے گی۔

دوسری جانب مانچسٹر دھماکے کے بعد  برطانیہ میں ہی یکم جون سے شروع ہونے والی چیمپئنز ٹرافی پر بھی خوف کے سائے چھا گئے ہیں۔

 میگا ایونٹ سمیت ویمنز ورلڈ کپ کی سیکیورٹی پر سوالیہ نشان عائد ہو چکے ہیں۔

جبکہ  بھارت نے آئی سی سی کو خط میں اپنے خدشات ظاہر کردیے ہیں اور اس زمرے میں سیکیورٹی  صورتحال کا جائزہ لینے کیلیے ہنگامی اجلاس بھی طلب کرلیا گیا ہے۔

واضح رہے کہ منگل اور بدھ کی درمیانی شب برطانیہ کے معروف شہر مانچسٹر میں دہشت گردوں نے امریکی گلوکارہ کے کنسرٹ میں خودکش حملہ آور نے خود کو دھماکے سے اڑا لیا تھا۔

اس واقعے میں بچوں، نوجوانوں اور خواتین سمیت 22 افراد موت کی آغوش میں چلے گئے تھے۔

یاد رہے کہ اس افسوسناک واقعے کے بعد برطانوی وزیر اعظم تھریسامے نے 8جون کو ہونے والے عام انتخابات کیلئے اپنی انتخابی مہم معطل کر دی ہے۔

اہم ترین دنیا خبریں
اہم ترین خبریں
خبرنگار افتخاری