دلوں میں خلش، مسکراتے چہرے / ٹرمپ کی پوپ سے ملاقات


دلوں میں خلش، مسکراتے چہرے / ٹرمپ کی پوپ سے ملاقات

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ اور فرانسس پوپ نے اختلافات اور گلے شکوے دلوں میں رکھتے ہوئے روم میں ملاقات کی۔

خبرررساں ادارے تسنیم کے مطابق امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے اپنے دور صدارت کے پہلے غیر ملکی دورے کے دوران عیسائیوں کے مذہبی رہنما پوپ فرانسس سے ویٹیکن سٹی میں ملاقات کی ہے۔

ویٹیکن سٹی پہنچنے سے پہلے ڈونلڈ ٹرمپ سعودی عرب اور اسرائیل کا دورہ کر چکے ہیں۔

یاد رہے کہ ماضی میں دونوں رہنماؤں کے درمیان مختلف معاملات جیسے کہ تارکین وطن کا مسئلہ، میکسیکو اور امریکہ کے درمیان دیوار بنانے کا منصوبہ اور ماحولیاتی تبدیلی کے بارے میں اختلاف رہا ہے۔

وہاں موجود صحافیوں کے مطابق ملاقات کی ابتدا میں صدر ٹرمپ کافی دھیمے مزاج میں دکھائی دیے جبکہ پوپ فرانسس، جو کہ عام طور پر عالمی رہنماؤں سے ملاقات کے دوران کافی خوشگوار موڈ میں ہوتے ہیں، کچھ سنجیدہ دکھائی دیے۔

لیکن آدھے گھنٹے کی ملاقات کے آخر تک دونوں رہنما قدرے پرسکون نظر آئے۔

ویٹیکن سے جاری کیے گئے اعلامیے کے مطابق دونوں رہنماؤں نے ملاقات کے دوران اس امید کا اظہار کیا ہے کہ وہ صحت اور تعلیم کے شعبے اور تارکین وطن کی مدد کرنے کے سلسلے میں ایک دوسرے کے ساتھ تعاون کریں گے۔

عالمی امور پر بات کرتے ہوئے دونوں نے دنیا میں امن کے پھیلاؤ اور مشرق وسطیٰ میں مسیحی برادری کے تحفظ کے بارے میں گفتگو کی۔

ویٹیکن کی جانب سے جاری کیے گئے اعلامیے کے مطابق دونوں رہنماؤں کی ملاقات میں عالمی معاملات پر تبادلہ خیال ہوا اور دونوں نے اچھے تعلقات کو جاری رکھنے کی اہمیت پر زور دیا۔

صدر ٹرمپ نے تبصرہ کرتے ہوئے کہا کہ یہ بہترین ملاقات تھی۔

ملاقات کے بعد دونوں رہنماؤں نے ایک دوسرے کے ساتھ تحائف کا تبادلہ بھی کیا۔

پوپ فرانسس سے ملاقات کے علاوہ صدر ٹرمپ نے اٹلی کے صدر اور وزیر اعظم سے بھی ملاقات کی۔

اہم ترین دنیا خبریں
اہم ترین خبریں
خبرنگار افتخاری