ایران: کوئی تیسری قوت پاک ایران تعلقات پر اثرانداز نہیں ہوسکتی


ایران: کوئی تیسری قوت پاک ایران تعلقات پر اثرانداز نہیں ہوسکتی

روس میں پاکستان اور ایران کے قومی سلامتی مشیروں کی ملاقات میں ایڈمیرل علی شمخانی نے کہا کہ بعض ممالک پاک، ایران قریبی تعلقات سے خوش نہیں ہیں تاہم کوئی تیسری قوت پاک ایران تعلقات پر اثرانداز نہیں ہوسکتی۔

خبررساں ادارے تسنیم کے مطابق روس میں منعقدہ آٹھویں بین الاقوامی سلامتی کانفرنس کے موقع پر (ر) لیفٹیننٹ جنرل ناصر خان جنجوعہ اور ایڈمیرل علی شمخانی کے درمیان انتہائی خوشگوار ماحول میں ملاقات ہوئی۔

ملاقات میں اس عزم کا اعادہ کیا گیا کہ دنیا کی کسی طاقت یا بیرونی سازش کو پاک ایران تعلقات خراب کرنے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔

ناصر خان جنجوعہ نے کہا پاکستان ہمیشہ کی طرح ایران کے ساتھ دوطرفہ تعلقات کو بڑھانے کے لئے پُرعزم ہے۔

انہوں نے دونوں ممالک کے درمیان سیکورٹی تعاون کو مزید بڑھانے کی بھی امید ظاہر کی۔

انہوں نے ایرانی وزیر خارجہ جواد ظریف کے پاکستان کے حالیہ دورے کو باہمی تعلقات میں مزید بہتری کے لئے نہایت اہم قرار دیا۔

اس موقع پر انہوں نے اپنے ایرانی ہم منصب کو ڈاکٹر حسن روحانی کے دوسری بار ایران کا صدر منتخب ہونے پر مبارکباد دیتے ہوئے پاکستان کی جانب سے ایران کے لئے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔

دوسری جانب ایڈمیرل علی شمخانی نے کہا کہ کوئی بھی بیرونی طاقت پاک ایران تعلقات خراب نہیں کر سکتی۔

انہوں نے کہا کہ کچھ ممالک پاک ایران برادرانہ تعلقات سے ناخوش ہیں تاہم کسی بیرونی سازش کو پاک ایران تعلقات خراب کرنے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔

انہوں نے اس ملاقات میں گزشتہ ماہ پاک ایران سرحدی علاقے میں دہشتگردوں کے حملے کے نتیجے میں ایرانی گارڈز کی شہادت کے پس منظر میں دونوں ممالک کے سیاسی اور سیکورٹی حکام کے درمیان قریبی رابطے کی اہمیت کو اجاگر کیا۔

دونوں رہنماوں نے دہشتگردی جیسے عالمی خطرے کے خلاف مل کر مقابلہ کرنے اور خاص طور پر مشترکہ سرحدوں کو محفوظ تر بنانے کی اہمیت پر اتفاق کیا۔

دونوں رہنماوں نے ان خیالات کا اظہار روس میں منعقدہ آٹھویں بین الاقوامی سلامتی کانفرنس کے موقع پر کیا۔

اہم ترین پاکستان خبریں
اہم ترین خبریں
خبرنگار افتخاری