پشاور کے علاوہ پاکستان بھر میں کل پہلا روزہ ہوگا


پشاور کے علاوہ پاکستان بھر میں کل پہلا روزہ ہوگا

مرکزی رویت ہلال کمیٹی کے مطابق پاکستان میں رمضان المبارک کا چاند نظر نہیں آیا جس کے باعث ملک بھر میں پہلا روزہ اتوار کو ہوگا تاہم پشاور کی جامع مسجد قاسم کے مفتی شہاب الدین پوپلزئی نے رمضان المبارک کا چاند نظر آنے کا اعلان کردیا۔

خبررساں ادارے تسنیم کے مطابق چاند دیکھنے کے لیے مرکزی رویت ہلال کمیٹی کا اجلاس چیئرمین مفتی منیب الرحمان کی زیر صدارت ہوا۔

مرکزی رویت ہلال کمیٹی کے مطابق پاکستان میں رمضان المبارک 1438 ہجری کا چاند نظر نہیں آیا جس کے باعث ملک بھر میں پہلا روزہ 28 مئی بروز اتوار کو ہوگا تاہمپشاور کی جامع مسجد قاسم کے مفتی شہاب الدین پوپلزئی نے رمضان المبارک کا چاند نظر آنے کا اعلان کردیا بلکہ رمضان المبارک کی پہلی تراویح بھی ادا کردی گئی۔

پشاور میں اس اعلان کے بعد خیبر پختونخواہ کے شہری گومگو کی کیفیت میں مبتلا ہوگئے ہیں ، مساجد میں پہلی نماز تروایح کے بعد شہریوں کی قلیل تعدا د نے مساجد کا رخ کیا۔جامعہ مسجد قاسم میں پہلی تراویح کی نماز میں ڈیڑھ صف بھی پوری نہیں ہوسکی۔

واضح رہے کہ مرکزی رویت ہلال کمیٹی کے چیئرمین مفتی منیب الرحمان نے کہا ہے کہ ملک کے کسی بھی حصے سے چاند کی شہادت کے حوالے سے اطلاع موصول نہیں ہوئی لہذا اتفاق رائے سے یہ اعلان کیا جاتا ہے کہ پہلا روزہ اتوار کے روز ہوگا۔

خیال رہے کہ چاند دیکھنے کے لیے جدید سائنسی ٹیلی اسکوپس سے مدد لی گئی اور ملک کے مختلف علاقوں میں بھی زونل کمیٹیوں نے اجلاس طلب کیے۔

اہم ترین پاکستان خبریں
اہم ترین خبریں
خبرنگار افتخاری