مالی سال 18-2017 کا بجٹ پیش / وزیراعظم نے نہایت متوازن قرار دے دیا


مالی سال 18-2017 کا بجٹ پیش / وزیراعظم نے نہایت متوازن قرار دے دیا

وفاقی حکومت نے مالی سال 18-2017 کا 47 کھرب اور 78 ارب روپے حجم کا بجٹ پیش کر دیا ہے جس کو سراہتے ہوئے وزیراعظم نواز شریف نے اسے نہایت متوازن قرار دیا ہے۔

خبررساں ادارے تسنیم کے مطابق وفاقی حکومت نے مالی سال 18-2017 کا 47 کھرب اور 78 ارب روپے حجم کا بجٹ پیش کر دیا ہے۔

وزیراعظم نواز شریف نے بجٹ کے اعلان کے بعد اسلام آباد میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ اس بجٹ  سے ملکی معیشت پر مثبت اثرات مرتب ہوں گے۔

انہوں نے کہا کہ معاشرے کے غریب طبقوں کو خصوصی ریلیف دیا گیا ہے۔  

تفصیلات کے مطابق وفاقی حکومت نے گذشتہ روز مالی سال 18-2017 کے لئے 47 کھرب اور 78 ارب کا بجٹ پیش کر دیا ہے جس کے تحت سرکاری ملازمین ایڈہاک الاﺅنس ضم، سرکاری ملازمین کی تنخواہ اور پنشن میں 10 فیصد اضافہ جبکہ محنت کش کی کم سے کم اجرت 14 ہزار سے بڑھا کر 15 ہزار روپے کردی گئی۔

پاک فوج کے افسروں اور جوانوں کےلئے 10فیصد سپیشل الاﺅنس کی فراہمی، چھوٹے کسانوں کو کم شرح سود پر قرضوں کی فراہمی، امونیا کھاد کی قیمت میں کمی کا اعلان بھی کیا گیا ہے۔

آئندہ مالی سال کے بجٹ میں سیمنٹ، سریا، درآمدی کپڑے، سگریٹ، پان، چھالیہ، چاکلیٹ، کاسٹمیٹکس، الیکٹرانکس اور دوائیں بھی مہنگی ہو گئیں۔

جبکہ چھوٹی گاڑیاں، سمارٹ فونز، فون کال، مرغی، شترمرغ، ٹیکسٹائل، امونیا کھاد، زرعی مشینری، بے بی ڈائپرز، ہائبریڈ کار، لبریکٹینگ آئل اور ٹیوب ویل کیلئے بجلی سستی کر دی گئی ہے۔

بجٹ میں اعلان کیا گیا کہ 85 ہزارروپے سے زائد ماہانہ تنخواہ لینے والوں کو ایڈوانس ٹیکس دینا ہوگا۔

وفاقی وزیر خزانہ اسحاق ڈار نے بجٹ تقریر کرتے ہوئے کہا کہ میں آج اللہ کے فضل و کرم کیساتھ پاکستان مسلم لیگ (ن) کی حکومت کا مسلسل پانچواں بجٹ پیش کر رہا ہوں۔

پاکستان کی تاریخ میں پہلی مرتبہ ایک منتخب وزیراعظم اور وزیر خزانہ مسلسل پانچواں بجٹ پیش کر رہے ہیں۔ یہ چیز مضبوط جمہوریت کی عکاسی کرتی ہے جس پر پوری قوم فخر کر سکتی ہے۔ میں بڑی عاجزی کے ساتھ اللہ کا شکر ادا کرتا ہوں کہ اس نے مجھ ناچیز کو یہ موقع دیا۔

اسحاق ڈار کا کہنا تھا کہ حکومت نے ملک کو خود انحصاری پر گامزن کر دیا، قوم متاثر کن تبدیلی پر مبارکباد کی مستحق ہے۔

خیال رہے کہ اس موقع پر انہوں نے یہ بھی بتا دیا کہ انشاءاللہ آنے والے سال میں لوڈشیڈنگ کا مکمل خاتمہ ہو جائے گا۔

اہم ترین پاکستان خبریں
اہم ترین خبریں
خبرنگار افتخاری